جب درِ آقا چلیں گے دیکھنا
حال وہ دل کا سنیں گے دیکھنا
یہ جو بگڑے سے مرے حالات ہیں
ایک لمحے میں بنیں گے دیکھنا
جو نبی کی یاد میں بہتے ہیں اشک
کام کچھ ایسا کریں گے دیکھنا
جب مدینے کا سفر ہوگا مرا
بن کے تارے یہ جلیں گے دیکھنا
کیسے ہو عرضِ طلب مت سوچئے
بن کہے وہ جان لیں گے دیکھنا
بن تو لوں میں عاشقِ آقا ذرا
آپ سب بھی کیا کہیں گے دیکھنا
بس مدینے سے بلاوا آنے دیں
اپنے دامن کم پڑیں گے دیکھنا
ان کے ہی روضے پہ ان کی نعتِ پاک
ایک دن جاکر پڑھیں گے دیکھنا
ذکی طارق بارہ بنکوی
٭٭
ساقی ٔحوض ِکوثر مدینے میں ہے
دونو ںعالم کا مظہر مدینے میں ہے
گھر خدا کا ہے مکے میں جلوہ فگن
اس کے محبوب کا گھر مدینے میں ہے
مغفرت کا بہانہ مجھے مل گیا
ان کے در پر مرا سر مدینے میں ہے
راز تدبیر عشق نبیؐ دیکھئے
میں ہوں میرا مقدر مدینے میں ہے
مل گیا میری منزل کا مجھ کو پتہ
میں یہاں میرارہبر مدینے میں ہے
جن کی امت میں داخل ہوں میں مرحبا
وہ خدا کا پیمبر ؐ مدینے میں ہے
بھیجتا ہے درود سلام آپؐ پر
وہ مجیب سخنور مدینے میں ہے
مولانامجیب بستوی
نعت ِرسولؐ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS