مظفرپور:نوڈلس فیکٹری میں دھماکہ7ہلاک

0
indiatoday.in

مہلوکین کے ورثا کو4-4لاکھ کی مدد
مظفر پور(ایس این بی) : بہار میں مظفر پور ضلع کے بیلا فیز 2کی نوڈلس فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوگیا،جس میں 7لوگوںکی موت ہوگئی۔ حادثہ کے وقت فیکٹری میں کئی مزدور کام کررہے تھے۔ اب تک مرنے والوں کی باڈی کی شناخت نہیں ہورہی ہے۔ کسی کا ہاتھ تو کسی کا صرف پیرملاہے۔ دھماکہ سے قریب ہی چوڑا اور آٹا فیکٹری کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جانچ کی ہدایت دی ہے۔۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جانچ کیلئے پٹنہ سے افسران کی ٹیم بھیجی جارہی ہے۔ جانچ رپورٹ کے بعد قصورواروں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ موقع پر آئی جی سمیت ڈی ایم، ایس ایس پی پہنچ گئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دھماکے کی آواز قریب5کلومیٹر دور تک سنائی دی۔ نوڈلس فیکٹری پوری طرح منہدم ہوگئی۔ فی الحال موقع پر 5 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ چکی ہیں۔ بیلا تھانہ اور مٹھن پورا تھانہ کی پولیس بھی موقع واردات پر پہنچ گئی ہے۔ آس پاس کے لوگوںنے بتایاکہ دھماکے کی آواز سے آس پاس کی زمین دہل گئی۔ ہم لوگوںکو پہلے زلزلہ کا احساس ہوا۔ کچھ لوگ تو اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل گئے، حالانکہ بعد میں پتہ چلا کہ بوائلر پھٹنے کی وجہ سے زمین دہل گئی ہے۔صدر اسپتال پہنچے زخمی دپیش اور پنکج نے بتایا صبح سبھی اپنے کام میں لگے تھے کہ اچانک فیکٹری میں تیز دھماکہ ہوا اور زمین دہل گئی۔ اس سے قبل کہ کچھ سمجھ پاتے، مشین نیچے گرنے لگی اور کئی دوست اس میں دب گئے۔ پورے فیکٹری احاطے میں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس حادثہ پر وزیراعلیٰ نتیش کمار نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ انہوںنے کہا یہ حادثہ افسوسناک ہے۔ سبھی مہلوکین کے وارثین کو4-4لاکھ کا معاوضہ دیاجائے گا۔ ساتھ ہی زخمیوں کا علاج مفت کرایا جائے گا۔ وہیں ریاستی وزیر صنعت شاہنواز حسین نے واردات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر پہلو کی جانچ کررہی ہے۔ کسی بھی قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا۔ ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ صنعت محکمہ کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔ وہ پورا تعاون کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS