5جی اسپیکٹرم کی نیلامی مئی میں ہونے کا امکان،ٹرائی کی سفارشات کا انتظار

0
Business Today

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : ٹیلی کمیونی کیشن ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) اگر 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی کارروائی کے سلسلے میں ضوابط پر اپنی سفارشات اس سال مارچ تک دے دیتی ہے تو اس کارروائی کے مئی میں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ ٹیلی مواصلات کے ایک سینئر افسر نے یہاں جانکاری دی۔
وزیر برائے ٹیلی مواصلات اشونی ویشنو نے اس ماہ کے اوائل میںکہا تھا کہ ٹرائی نے مطلع کیا ہے کہ وہ 5 جی نیلامی کے لیے مارچ تک اپنی سفارشات جمع کرے گی اور محکمہ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) جلد از جلد نیلامی کرانے کیلئے دیگر کارروائیاں پوری کر رہا ہے۔ سیکریٹری برائے ٹیلی مواصلات کے راجا رمن نے کہا کہ ’ٹرائی نے اشارہ دیا ہے کہ وہ انہیں (سفارشات) مارچ تک بھیج دیں گے۔ اس کے بعد اس بارے میں فیصلہ لینے میں ایک مہینہ لگ جائے گا۔‘ سرکار نے پہلے اسپیکٹرم نیلامی پر ٹرائی سے سفارشات حاصل ہونے کے بعد ٹینڈرس کا مرحلہ شروع کرنے کیلئے 60 سے 120 دن کا وقت لیا ہے۔ راجا رمن نے کہا کہ ٹیلی مواصلات محکمہ کوٹرائی کی سفارشات حاصل ہونے کے دن سے نیلامی شروع کرنے میں 2مہینے لگیں گے۔ محکمہ کے مطابق 5 جی سے ڈیٹا 4 جی سروس کے مقابلے 10 گنا تیز رفتار سے ڈائون لوڈ ہو سکے گا۔ کارروائی کے مطابق محکمہ اسپیکٹرم کی قیمت، اسے الاٹ کرنے کے طریقہ کار، اس کے بلاک کی شکل، ادائیگی کے طور طریقوں پر ٹرائی سے سفارشات مانگتا ہے۔ ٹرائی صنعتی دنیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرس سے مشورہ کرتی ہے اور ٹیلی مواصلات محکمہ کو سفارشات بھیجتی ہے۔ موجودہ کارروائی کے مطابق ٹیلی مواصلات محکمہ میں فیصلہ لینے والی اعلیٰ اکائی ’ڈجیٹل مواصلات کمیشن‘ (سابقہ ٹیلی مواصلات کمیشن) ہے جو ٹرائی کی سفارشات پر فیصلے لیتی ہے اور پھر اسے حتمی منظوری کیلئے کابینہ میں بھیجا جاتا ہے۔ راجا رمن نے کہا کہ ٹیلی مواصلات محکمہ نے آئندہ نیلامی کیلئے نیلامی کنندہ کے طور پر ایم ایس ٹی سی کو منتخب کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS