اتر پردیش کے لکھنؤ سمیت دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے

0

لکھنؤ: (یو این آئی) اتر پردیش میں دارالحکومت لکھنؤ اور بہرائچ سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں آج علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے قومی زلزلہ مرکز کے مطابق ہفتہ کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات 1:12 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.2 بتائی گئی ہے۔محکمہ کے مطابق، زلزلے کا مرکز سطح زمین سے 82 کلومیٹر نیچے لکھنؤ سے 139 کلومیٹر شمال میں 28.07 عرض البلد اور مشرق میں 81.25 طول البلد پر واقع تھا۔ زلزلے کے جھٹکے نیپال کی سرحد تک محسوس کیے گئے۔
اترپردیش میں لکھنؤ، لکھیم پور-کھیری، بہرائچ، شراوستی، بلرام پور، سیتا پور، بارابنکی، گورکھپور، سدھارتھ نگر سمیت نیپال سے متصل کئی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان کی وجہ سے لکھنؤ اور دیگر شہروں میں لوگ خوف کی وجہ سے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS