45 کروڑ لوگوں نے نوکری کی امید چھوڑی:راہل

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی):کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کو الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ’ماسٹر اسٹروک‘ کے سبب ملک کے 45 کروڑ لوگوں نے نوکری کی امید چھوڑ دی ہے۔ انہوں نے جس خبر کا حوالہ دیا اس میں ’سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکنامی‘ (سی ایم آئی ای) کی رپورٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 2017 سے 2022 کے درمیان مجموعی محنت شراکت داری شرح 46 فیصد سے گھٹ کر 40 فیصد ہو گئی، تقریباً 2.1 کروڑ محنت کشوں نے کام چھوڑا اور صرف 9فیصد آبادی کو روزگار ملا۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں ابھی 90 کروڑ لوگ روزگار کے اہل ہیں، جن میں سے 45 کروڑ سے زائد لوگوں نے اب کام کی تلاش بھی چھوڑ دی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’نیو انڈیا کا نیو نعرہ: ہر گھر بے روزگاری، گھر گھر بے روزگاری۔ 75 سال میں مودی جی ملک کے پہلے ایسے وزیراعظم ہیں، جن کے ’ماسٹر اسٹروک‘ سے 45 کروڑ سے زائد لوگ نوکری پانے کی امید ہی چھوڑ چکے ہیں‘۔ ادھرکانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹویٹ کیا کہ ’سب سے زیادہ نوجوان آبادی والے ملک میں اگر سرکار آشا اور امیدوں کے بجائے مایوسی کے بیج بو رہی ہے،تو ملک اور نوجوانوں کے مستقبل کےلئے اس سے بڑا خطرہ کوئی نہیں ہے۔‘ پرینکا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’45 کروڑ لوگوں نے مایوس ہوکر روزگار تلاش کرنا چھوڑ دیا۔ آج کے دور میں یہ ہماری سب سے بڑی تشویش ہونی چاہیے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS