ملک میں ہر روز 31بچوں نے کی خودکشی

کورونا وبا سے لوگ ہورہے ہیں ذہنی مرض کے شکار

0

نئی دہلی (ایجنسیاں)
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2020 میں ہندوستان میں روزانہ اوسطاً 31بچوں نے خودکشی کی۔ ماہرین نے اس کیلئے کورونا وبا کے سبب بچوں پر پڑے ذہنی دباؤ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو(این سی آر بی) کے اعدادوشمار کے مطابق 2020 میں ملک میں 11396 بچوں نے خودکشی کی، جو 2019 کے مقابلے 18فیصد زیادہ ہے۔ این سی آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق 2019 میں 9613 بچوں نے خودکشی کی تھی، جبکہ 2018 میں 9413 بچوں نے خودکشی کی تھی۔ این سی آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق 18سال کے کم عمر کے 4006 بچوں نے گھریلو مسائل، 1337 بچوں نے معاشقہ معاملے، 1327 بچوں نے بیماری کے سبب خودکشی کی۔ وہیں کچھ بچوں کی خودکشی کرنے کے پیچھے نظریاتی وجوہ، بے روزگاری، دیوالیہ پن، منشیات کا استعمال جیسے دیگر وجوہ تھے۔ ماہرین کے مطابق کورونا وبا کے سبب اسکول بند ہونے اور کھیل کود سے متعلق سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے سبب بچوں کا ذہنی اور جسمانی ڈیولپمنٹ پوری طرح متاثر ہوا ہے۔ اطفال تحفظ کیلئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم سیو دی چلڈرن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پربھات کمار نے کہاکہ کورونا وبا کی وجہ سے اسکول بند ہونے کے علاوہ سماجی دوری کے سبب بچوں سمیت بڑے لوگوں کے ذہن پربھی برا اثر پڑا۔ کمار نے کہا بچوں میں خودکشی کے معاملے میں مسلسل ہو رہے اضافے نے پورے نظام کی ناکامی کو سامنے لادیا ہے۔ یہ والدین، کنبے، پڑوسی اور سرکار کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسا ماحول تیار کریں، جہاں بچوں کا مستقبل روشن ہو اور وہ اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں۔ دریں اثنا مرکزی وزارت برائے صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 12514 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر3 کروڑ 42 لاکھ 85 ہزار 814ہو گئی ہے۔ اس دوران 12ہزار 718 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد 3کروڑ 36لاکھ 68 ہزار 560ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز 455کم ہو کر ایک لاکھ 58ہزار 817رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 251مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 58ہزار 437ہو گئی ہے۔

ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح 0.46فیصد، شفایابی کی شرح 98.20فیصد اور شرح اموات 1.34فیصد ہے ۔ ایکٹو کیسز کے معاملے میں کیرالہ ابھی ملک میں پہلے نمبر پر ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24گھنٹوں میں ایکٹو کیسز 561بڑھنے سے ان کی تعداد بڑھ کر 79795ہو گئی ہے ۔ وہیں 6439مریضوں کے صحتیاب ہونے سے کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 4857181ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے میں 167مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 31681ہو گئی ہے ۔مہاراشٹر میں ایکٹیو کیسز کم ہو کر 20277رہ گئے ہیں جبکہ مزید 20مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 140216ہو گئی ہے ۔ وہیں کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد 1399کم ہو کر 6450585ہو گئی ہے ۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS