مرکزی ملازمین کے مہنگائی بھتے کی شرح میں 3 فیصدکااضافہ

0

نئی دہلی (یو این آئی) : حکومت نے مرکزی ملازمین کے مہنگائی بھتے اور پنشنرز کو مہنگائی راحت کی شرح میں3 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے مہنگائی بھتے کی شرح 34فیصد ہوگئی ہے۔یہ اضافہ یکم جنوری 2022سے لاگو ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روزمنعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تجویز میں مرکزی حکومت کے ملازمین کیلئے مہنگائی بھتہ ( ڈی اے ) اور پنشنرز کیلئے مہنگائی ریلیف ( ڈی آر) کی اضافی قسط جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، جو یکم جنوری سے لاگو ہوگی۔ اس میں بنیادی تنخواہ/پنشن کے 31فیصد کی موجودہ شرح میں 3فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ منظور شدہ اصولو ں کے مطابق ہے، جو ساتویں مرکزی تنخواہ کمیشن کی سفارشات پر مبنی ہے۔ مہنگائی بھتہ اور مہنگائی ریلیف کی وجہ سے مجموعی طور پر سرکاری خزانے پر 9,544.50کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس سے تقریباً 47.68لاکھ مرکزی حکومت کے ملازمین اور 68.62لاکھ پنشنرز مستفید ہوں گے۔ جولائی 2021میں مرکز نے ایک طویل وقفے کے بعد مہنگائی بھتہ اور مہنگائی ریلیف کو 17سے بڑھا کر 28فیصد کر دیا ۔ اس سے پہلے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ڈیڑھ سال تک مہنگائی الاؤنس میں نظرثانی کو روک دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS