Image:Tricity Today

ورلڈ ایئرکوالٹی رپورٹ میںدعویٰ،دہلی دنیا کی سب سے زہریلی راجدھانی
نئی دہلی: گزشتہ سال کورونا وبا کے سبب لاک ڈاؤن لگائے جانے کے سبب دہلی کی آلودگی میں کچھ گراوٹ ضرور آئی ہے، لیکن اس کے باوجود دہلی دنیا کی سب سے آلودہ راجدھانی ہے۔ ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہلی کی فضائی کوالٹی 2019 سے 2020 کی مناسبت میں 15فیصد بہتر ہوئی ہے۔ باوجود اس کے دہلی دنیا کے آلودہ شہروں میں 10ویں مقام پر اور دنیا کی سب سے آلودہ راجدھانی بن گئی ہے۔ سال 2020میں ہندوستانی شہروں کی فضائی کوالٹی میں 63 فیصد کی بہتری درج کی گئی ہے۔ رپورٹ میں پی ایم 2.5 کی بنیاد پر ممالک، راجدھانیوں اور شہروں کی رینکنگ کی گئی ہے۔ 3 سب سے آلودہ ممالک میں بنگلہ دیش، پاکستان اور ہندوستان ہے، جبکہ 3 سب سے آلودہ راجدھانیو ںمیں دہلی، ڈھاکہ اور اولان بٹور ہیں۔ دہلی میں پی ایم 2.5 کا سالانہ اوسط 84.1 مائیکروگرام فی کوئک میٹر پایاگیا، جبکہ ڈھاکہ اور منگولیا کی راجدھانی اولان بٹور میں یہ بالترتیب 77.1 اور 46.6 مائیکروگرام فی کوئک میٹر درج کیاگیا۔ اسی طرح ہندوستان کے 3سب سے آلودہ شہروں میں دہلی، ممبئی اور بنگلورو ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کے صحت پر اثرات تشویشناک بنے ہوئے ہیں۔ یہ رپورٹ کووڈ19- لاک ڈاؤن سے فضائی کوالٹی پر پڑنے والے اثرات کو بھی درج کرتی ہے۔ اس لیے گزشتہ سال جو آلودگی میں کمی آئی ہے، اس کی اصل وجہ لاک ڈاؤن کا لگایا جانا رہاہے۔
ہندوستان میں ہونے والے آلودگی کے اصل ذرائع ٹریفک، رسوئی کیلئے بائیوگیس کا استعمال، بجلی پروڈکشن، صنعت، کچڑا جلانا اور ہر سال پرالی جلانا بتایا گیا ہے۔ ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے پی ایم 2.5 کے اخراج کی وجوہ میں ٹریفک کا ایک بڑا رول رہاہے۔ ہندوستان کے سلسلے میں گرین پیس انڈیا کے ماحولیاتی کمپینر اویناش چنچل نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے خواہ دہلی سمیت کئی شہروں میں آلودگی کم ہوئی ہو، لیکن فضائی آلودگی کا معیشت اور صحت پر پڑنے والااثر بہت ہی خوفناک ہے۔ بہتر یہی ہوگا کہ سرکارمسلسل صاف توانائی کو ترجیح دے۔ ساتھ ہی ٹریفک کیلئے سستے کاربن نیوٹرل متبادل کو فروغ دے، جیسے کہ پیدل چلنا، سائیکلنگ وغیرہ۔ دنیا کی 30 سب سے آلودہ شہروںکی فہرست میں ہندوستان کے 22شہر میں شامل ہیں۔ ان میں غازی آباد، بلندشہر، بسرکھ، بھیواڑی، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، کانپور، لکھنؤ، دہلی، فریدآباد، میرٹھ،جیند، حصار، آگرہ، بہاول پور، مظفرنگر، فتح آباد، بندواڑی، گروگرام، یمنانگر، روہتک، مظفرپور وغیرہ شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS