پاکستان میں دو مسافر ٹرینوں کی ٹکر، 30 افراد ہلاک،50 زخمی

1
image:.eastmojo.com/

اسلام آباد : (یو این آئی) پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پیر کے روز دو مسافر ٹرینوں ی ٹکر ہوجانے سے کم از کم 30 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹرین ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی جو کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور راستے میں پٹری سے اتر کر دوسری جانب کی پٹری پر چلی گئی۔ ٹکر کے سبب ملت ایکسپریس ٹرین کے ڈبے پلٹ گئے۔
جیو نیوز نے گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر عثمان عبد اللہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے میں 13 سے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور آٹھ ڈبوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ، اس حادثے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔ بہت سے لوگ ابھی بھی ٹرین کے ڈبوں میں پھنسے ہیں ، جس کی وجہ سے یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔
مسافروں اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لئے کراچی ، سکھر ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ لائنیں شروع کردی گئی ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی جانچ کا حکم دے دیاگیا ہے۔ مسٹر خان نے ٹویٹ کیا ’’گھوٹکی میں آج صبح ہونے والے خوفناک ٹرین حادثے سے حیران اور رنجیدہ ہوں، جس میں 30 مسافروں کی موت ہوگئی۔ وزیر ریلوے کو جائے وقوع پر پہنچنے اور زخمیوں کے لئے طبی امداد کو یقینی بنانے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کے لئے کہا ہے۔ ریلوے سیکیورٹی میں خامی کی ایک جامع تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق ، ریلوے کے عہدیداروں نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے ، جس کی سربراہی 21 گریڈ کے ایک افسر کریں گے۔
جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو اسپتالوں میں لے جایا جارہا ہے ، جہاں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS

Comments are closed.