کابل میں امریکی طیارے سے گر کر 19 سالہ فٹبال کھلاڑی کی موت

0
image:thedailybeast.com

کابل: (ایجنسی) افغانستان کے کابل ہوائی اڈے سے امریکی فضائیہ کے سی-17 طیارے کے اوپر لٹک کر ملک چھوڑنے کی کوشش کرنے والوں میں قومی جونیئر فٹ بال ٹیم کے 19 سالہ کھلاڑی ذکی انوری بھی شامل تھا،جو بہت اونچائی سے گرنے کے بعد انتقال کرگئے۔ جس وقت امریکی فضائیہ کا طیارہ نے کابل ہوائی اڈے سے پرواز کیا تو اس کے اوپر متعدد افغان شہری چڑھ گئے تھے اور کچھ لوگ اس کے پچھلے پہیے اورلینڈنگ گیئر تھامے بیٹھ گئے تھے،لیکن آسمان میں زیادہ بلندی پر جانے کے بعد گرنے سے ذکی انوری کی موت ہوگئی۔ افغان اسپورٹس سوسائٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہاہے کہ ملک کی قومی جونیئر فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں میں سے ایک ذکی انوری کا ایک المناک حادثے میں انتقال ہو گیا ہے۔


اس میں کہا گیا کہ مرحوم ذکی انوری ان لاکھوں نوجوانوں میں سے ایک تھے جو ملک چھوڑنا چاہتے تھے لیکن امریکی فوجی طیارے سے گرنے کے بعد ان کی موت ہوگئی۔ اس واقعے کا ذکر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جمعرات کے روز افغان انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (AISS) کے بانی اور ڈائریکٹر جنرل داود مرادیان نے بھی کیا۔ہندوستان کی زیر صدارت ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات ‘‘کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت کابل میں تھے جب افغان شہری ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والے امریکی طیارے پر چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ انسانی مایوسی اور خوف ہی تھا کہ لوگ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغانستان چھوڑنا چاہتے تھے، اور ذکی انوری ان لوگوں میں شامل تھے جو 16 اگست کو طیارے کے اونچائی پر جانے کے بعد گرنے سےانتقال کرگئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حالت میں عالمی برادری کو مداخلت کر کے اسے انسانی بحران قرار دینا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلامتی کونسل کو افغانستان کی صورتحال پر سنجیدگی سے تبادلہ خیال کرنا چاہیے اور بین الاقوامی امن بردار فوج وہاں تعینات کر کے بحران کے حل کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے کی سمت میں کام کرنا چاہیے۔سوشل میڈیا پر ایسی بہت سی ویڈیوز وائرل ہیں جن میں سینکڑوں لوگ C-17 طیارے کے گرد جمع ہیں اور کچھ لوگ لینڈنگ گیئر کے پچھلے حصے پر چڑھے ہوئے نظر آرہے ہیں جیسے جہاز آہستہ آہستہ ٹیک آف کرتا ہے، ایک ویڈیو میں جہاز سے کچھ چیزیں گرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، اور بعد میں کچھ تصاویر میں مقامی لوگ تین افراد کی لاشیں جمع کرتے ہوئےدکھائی دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS