18ماہ بعدبیرونِ ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کا آغاز

    0
    TRT World

    ریاض (ایجنسیاں) : سعودی عرب نے 18 ماہ کے وقفہ کے بعد غیر ملکیوں سے عمرہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں کے باعث تقریباً 18 ماہ سے بندش کا شکار عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد عمرہ کی خواہش رکھنے والے تمام غیر ملکی 9 اگست سے دنیا کے مختلف ممالک سے بتدریج عمرہ درخواستیں جمع کراسکیں گے۔ اس سلسلے میں 60 ہزار معتمرین کی گنجائش رکھی جائے گی اور یہ 8 عملی دورانیے میں تقسیم ہوں گے۔ اس طرح یہ گنجائش ہر ماہ 20 لاکھ افراد کے عمرہ ادا کرنے تک پہنچائی جائے گی۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرے کے پرمٹ ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپلی کیشنز کے ذریعہ جاری کیے جائیں گے۔
    دوسری جانب نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے واضح کیا ہے کہ عمرہ سیزن کے دوران کسی بھی بس کے اندر گنجائش کے 50 فیصد سے زیادہ افراد سوار نہیں ہوں گے۔ اس دوران سماجی دوری کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ مشاط نے مزید بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین کیلئے عمرہ کمپنیوں ، ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معتمرین کیلئے کرونا ویکسی نیشن لازمی شرط ہو گی۔ اس سلسلے میں مملکت آنے والوں کو اپنے ملک کے متعلقہ ادارے کی جانب سے ویکسی نیشن کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔ یہ امر ضروری ہے کہ سرٹیفکیٹ مملکت سعودی عرب کی جانب سے منظور کردہ ویکسین کا ہو۔ حرم میں داخلے کیلئے 3 مقامات کا تعین کیا گیا ہے، جہاں پہلے زائرین کے اجازت ناموں کو دیکھنے کے بعد انہیں مختلف دروازوں سے حرم میں داخل کیا جائے گا۔وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’مکرمہ میں عمرہ زائرین کیلئے50 ٹرانسپورٹ کمپنیاں عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں گی‘۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS