گجرات میں پل ٹوٹا،130 ہلاک،70زخمی،50لاپتہ

0

موربی (ایجنسیاں) :گجرات کے موربی میں اتوار کو ماچھوندی پر ایک جھولتے پل کے گرنے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں اب تک 130 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔70زخمی اور 50 لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ مرنے والوں میں 25 سے زیادہ بچے ہیں،ان کے علاوہ خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ شام 7 بجے پیش آیا، اس وقت پل پر 500 لوگ موجود تھے۔ یہ سب چھٹھ کا تہوار منا رہے تھے، کچھ لوگ گھومنے بھی گئے تھے۔ اب تک 170 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے۔این ڈی آرایف ، ایس ڈی آرایف کی 3-3ٹیموں کے علاوہ فضائیہ کے گروڑکمانڈوز فضائیہ اوربحریہ کی 2ٹیموںکو ریسکیو آپریشن میں لگایا گیا ۔موربی پل پر موجود گجرات کے وزیر پنچایت برجیش میرجا نے کہا کہ 60 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور یہ تعدادبڑھ سکتی ہے ۔ 5 دن سے پہلے ہی پل کو عوام کے لیے کھولا گیاتھا۔یہ پل تقریباً 100 سال پرانا بتایا جاتا ہے۔ یہاں مرمت کا کام 7 ماہ سے جاری تھا۔ بتایاجاتا ہے کہ اتوار کی چھٹی اورچھٹھ تہوار کی وجہ سے پل پر لوگوں کی بھیڑبڑھ گئی تھی۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ موربی کے اس جھولتے پل کو میونسپلٹی سے فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ملا تھا، پھر بھی پل چالو کر دیا گیاتھا۔ آپریٹر کمپنی اوریوا گروپ پر الزام ہے کہ زیادہ پیسے کمانے کےلئے اس نے زیادہ ٹکٹ فروخت کردےے۔ ٹکٹ بڑوں کےلئے 17 روپے اور بچوں کےلئے 12 روپے میں فروخت کیے گئے۔ اس دوران حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت کے کاموں کا جائزہ لیا ۔مہلوکین کے لواحقین کےلئے 4-4 لاکھ روپے اور زخمیوں کےلئے 50 ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ادھر وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام سے حادثے کے بارے میں بات کی ہے ، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اورمہلوکین کےلئے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کےلئے 50ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی،دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے حادثہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سرکارنے کہا ہے کہ گجرات ایس آئی ٹی حادثہ کی جانچ کرے گی۔فی الحال گجرات سرکار الرٹ پر ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS