یوتھ کانگریس کا ریاستی وزیر داخلہ کی برطرفی کیلئے مظاہرہ

0
timesofindia

نئی دہلی: (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے جمعرات کو یہاں مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیر لکھیم پور کھیری واقعہ میں ملوث تھے اس لئے انہیں سزا دی جانی چاہئے انہیں فوری طور پر کابینہ سے برطرف کیا جائے۔ جب یوتھ کانگریس کے کارکنان مرکزی وزیر کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی عمارت کے لیے احتجاج کرنے تنظیم کے دفتر سے باہر آئے تو پولس نے ناکہ بندی کر دی اور تمام مظاہرین کو روک دیا اور کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ‘ کچلو اور تباہ کرو’ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن کانگریس، حکومت کی اس پالیسی کی اجازت نہیں دے گی۔ ملک کے لوگ لکھیم پور کھیری قتل عام میں مارے گئے کسانوں کو انصاف دلانے کے لیے اس واقعہ میں ملوث مرکزی وزیر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور حکومت کو اس پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لکھیم پور کھیری قتل عام سے چند دن پہلے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نے کسانوں کو دھمکی دی تھی کہ ‘ سدھر جاؤ، ورنہ ہم سدھار دیں گے’ اور جب کسان اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے تو یہ قتل عام کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ بتائے کہ وزیر کے بیٹے کا قتل عام میں ملوث ہونا ثابت ہو گیا ہے، پھر ملزم کے والد کو وزیر کے عہدے سے کیوں نہیں ہٹایا جا رہا ہے۔ یوتھ کانگریس کے قومی میڈیا انچارج راہل راؤ اور شریک انچارج ورون پانڈے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اجے مشرا کے تئیں جس طرح کا پیار دکھا رہے ہیں، ملک کے لوگ انہیں کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS