یوگی حکومت ایس آئی ٹی کی رپورٹ آتے ہی کارروائی کرے گی : ایرانی

    0

    وارانسی: مرکزی وزیر برائے خواتین اوراطفال کی ترقی اسمرتی ایرانی نے آج ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کے  معاملے پرہو رہی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اس معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی)تشکیل دی ہے اور جانچ رپورٹ کے آتے ہی  فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔
    محترمہ ایرانی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے خود وزیر اعلی سے بات کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ  نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے اورابتدائی رپورٹ پر ہاتھرس کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کو بھی معطل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ قصورواروں کو سزا دلانے کے لئے سخت قدم اٹھائیں گے اور ہاتھرس واقعہ کی متاثرہ کو ضرور انصاف ملے گا۔         
     مرکزی وزیر نے کہا کہ راہل گاندھی متاثرہ کے انصاف کے لئے نہیں بلکہ سیاست کے لئے ہاتھرس جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کانگریس کی سیاست سے واقف ہیں،اس لئے عوام نے 2019 بی جے پی کو تاریخی جیت دلائی تھی۔    
    محترمہ ایرانی نے کہا کہ 2013 میں نربھیا فنڈ کے قیام کے بعد بھی سابق کانگریس حکومت کے دور میں ریاستی حکومتوں کو ایک بھی پیسہ نہیں دیا گیا تھا ۔ جب کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے نربھایا فنڈ کے تحت ریاستوں کو 9000 کروڑ سے زیادہ رقم  جاری کی ۔ اس کے علاوہ خواتین ہیلپ ڈیسک ،خواتین کی حفاظت اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کے لئے  2017 میں ون اسٹاپ کرائسس اور انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے تمام اضلاع میں یونٹ تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ 

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS