گوہاٹی: کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا اس وقت آسام میں ہے جہاں راہل گاندھی لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے راہل گاندھی اور ریاستی وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ راہل گاندھی نے ہیمنت بسوا سرما کو ملک کا سب سے بدعنوان وزیر اعلی بتایا ہے۔ وہیں اب آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بدھ کے روز کو کانگریس رہنما راہل گاندھی کو لے کر کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
آسام کے سبساگر ضلع کے نذیرا میں ایک پروگرام کے موقع پر، ہیمنت بسوا سرما نے کہا “ہم نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کرے گی اور انہیں (راہل گاندھی) لوک سبھا انتخابات کے بعد گرفتار کیا جائے گا۔ اگر ہم ابھی ایسا کرتے ہیں تو کانگریس اسے سیاسی انتقام کی بنیاد پر کی گئی کارروائی قرار دے گی۔
دراصل، منگل کے روز پولس نے نوٹس لیا تھا اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر پارٹی لیڈروں کے خلاف بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران تشدد بھڑکانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔
آسام کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے کہا کہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (سی آئی ڈی) کی طرف سے تشکیل کردہ ایس آئی ٹی کے ذریعے مکمل تحقیقات کے لیے کیس کو آسام سی آئی ڈی کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
کانگریس قائدین اور حامی آسام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا میں حصہ لینے جارہے تھے لیکن انہیں گوہاٹی میں روک دیا گیا۔ اس دوران پارٹی کارکنوں اور لیڈروں نے انہیں گوہاٹی کی اہم سڑکوں پر داخل ہونے سے روکنے کے لیے لگائے گئے رکاوٹوں کو ہٹا دیا تھا۔ اس دوران ان کی پولیس اہلکاروں سے جھڑپ ہوئی۔ جس میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر بھوپین بورا اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیببرتا سائکیا زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں: گیان واپی کی سائٹنفک سروے رپورٹ دونوں فریقین کو فراہم کرنے کا حکم
راہل گاندھی نے اس معاملے کو لے کر منگل کو کہا تھا ’’کانگریس والوں نے رکاوٹیں ہٹا دی ہیں، لیکن ہم قانون نہیں توڑیں گے۔‘‘ وہیں سی ایم شرما نے کہا تھا کہ میں نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔