ای ڈی اور سی بی آئی موربی واقعہ پر کیوں نہیں کر رہی ہے کارروائی ؟:ممتا بنرجی

0

کولکاتہ (ایجنسیاں) :مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے موربی پل حادثے کہ واقعہ کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی موربی واقعہ میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے۔ ممتا نے کہا کہ حادثہ کی جواب دہی طے ہونی چاہیے۔ موربی پل حادثہ پر گجرات کی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سپریمو نے کہا کہ ’ای ڈی، سی بی آئی کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے؟ وہ صرف عام لوگوں کے خلاف کارروائی کرتی ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’جواب دہی طے ہونی چاہیے… میں وزیر اعظم کے بارے میں کچھ نہیں بولوں گی کیونکہ یہ ان کی ریاست ہے… میں اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں کروں گی۔
‘واضح رہے کہ اتوار کی شام کو ہونے والے موربی پل حادثہ میں تقریباً 135 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ وزیراعلیٰ ممتا نے کہا کہ ’میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی کیونکہ سیاست سے زیادہ لوگوں کی جانیں اہم ہیں۔ میں اپنی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ بہت سے لوگ مر چکے ہیں اور کئی لاپتہ ہیں۔‘ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ موربی واقعہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے تحت ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے۔
دریں اثنا مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کرنے والی ہے۔ اس ملاقات سے پہلے انہوں نے کہا کہ ’آج میں تمل ناڈو کے سی ایم ایم کے اسٹالن سے ملوں گی، وہ میرے سیاسی دوست ہیں، یہ ایک رسمی ملاقات ہے، میں چنئی جا رہی ہوں، جب بھی 2 سیاسی افراد ملتے ہیں تو اس سے جڑی باتیں بات چیت میں آجاتی ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم مکمل طور پر CAA کے خلاف ہیں اور ہم CAA کی مخالفت کرتے ہیں۔ وہ گجرات انتخابات کی وجہ سے یہ کھیل کھیل رہے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS