کیاہے حکومت کی وزیر اعلیٰ فیلو شپ 2023 ؟

0

مومن فہیم احمد عبدالباری
حکومت نے ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے نوجوانوں کی شمولیت کو اہم قرار دیتے ہوئےوزیرِ اعلیٰ فیلو شپ 2023ء کااعلان کیا ہے۔جس کے اہم مقاصد میں حکومت مہاراشٹرکے ساتھ کام کرنا، ریاست کی ترقی میں اپنا ہاتھ بٹانا، آئی آئی ٹی بامبے اور آئی آئی ایم ناگپور سےسرٹیفکیٹ کا حصول اور ساتھ ہی اپنی معلومات اور تجربہ میں اضافہ کرنا شامل ہیں۔ اس فیلو شپ اسکیم کے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔
کون اس فیلو شپ کے اہل ہیں ؟:کسی بھی شعبہ کےگریجویٹ اس فیلو شپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جنھوں نے کم از کم ساٹھ فیصد کے ساتھ گریجویشن مکمل کیاہو۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدوار کی عمر 21 سے 26 سال کے درمیان ہونی چاہیے یعنی 03 مارچ 1997ء سے 03مارچ 2002ء کے درمیان پیدا ہونے والے افراد اس کے اہل ہیں۔ امیدوار کے پاس کم از کم ایک سال کا کل وقتی کام کا تجربہ ہونا چاہیے۔ پیشہ ورانہ کورس کے حصے کے طور پر کل وقتی انٹرنشپ / اپرنٹس شپ / آرٹیکل شپ کو تجربہ سمجھا جائے گا۔ کل وقتی سیلف ایمپلائمنٹ یا انٹرپرینیور شپ کو بھی تجربہ سمجھا جائے گا۔ امیدوار کو مراٹھی لکھنے، پڑھنے اور بولنے کے قابل ہونا چاہیے۔ ہندی اور انگریزی کی اچھی معلومات ہونا ضروری ہے۔ درخواست دہندگان کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی اچھی خاصی معلومات ہونی چاہیے۔
فیلو شپ کے تحت کام کی نوعیت کیا ہوگی؟:ہر فیلو (فیلو شپ حاصل کرنے والا امیدوار) کے لیے کام کی نوعیت اس کو تفویض کیے گئے شعبہ اور اس شعبہ کے افسران کی ضروریات کےمطابق ہوگی۔ منتخب فیلو کو ایک مخصوص اتھارٹی کے دفتر میں مقرر کیا جائے گا۔ ان اتھارٹیز میں ڈسٹرکٹ کلکٹر، اضلاع کے چیف ایگزیکٹیوآفیسرز، کمشنرز، حکومت میں سیکریٹریز، کارپوریشنوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز یا دیگر سینئر سرکاری افسران کے دفاتر شامل ہیں۔ فیلو شپ حاصل کرنے والے جاری پروگراموں کے نفاذ، منصوبہ بندی و اقدامات اور منصوبوں کی تکمیل، منصوبوں کی نگرانی، موجودہ حکومتی پروگراموں کاجائزہ لینے، پالیسی سازی وغیرہ میں معاونت میں شامل ہو سکتے ہیں۔ فیلو شپ یافتہ امیدوار براہ راست اعلیٰ سرکاری افسران کے ماتحت کام کریںگے، جو ان کی رہنمائی کریں گے۔ فیلو شپ یافتہ کو اپنی ماہانہ رپورٹ اپنے شعبوں کے سربراہان کے ساتھ ساتھ اقتصادیات اور شماریات کے ڈائریکٹوریٹ کو بھی پیش کرنی ہوگی۔ ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس ہرتین ماہ بعد فیلوکی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ عزت مآب چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر بھی سال میں دو مرتبہ فیلو شپ یافتگان کےاسائنمنٹس کا جائزہ لیں گے۔
تقرری اور جواب دہی:فیلو کی تقرری کا فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس کرے گا۔ فیلو شپ یافتہ امیدواروں کا تقرری میں کوئی انتخاب یا حق نہیں ہوگا۔ یہ امیدوار متعلقہ محکمہ کے چیف افسر کی رہنمائی میں کام کریں گے ان کے اس کام کو فیلڈ ورک کہا جائے گا۔ فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ،امیدوارIITممبئی یا IIM ناگپور کی جانب سے تیار کردہ خصوصی کورس کو مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس فیلو شپ یافتہ امیدواروں کے لیے ان اداروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرےگا ۔ اداروں کے انتخاب میں امیدواروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ ایسے امیدوار جو فیلڈ ورک اور تعلیمی (اکیڈمک) کورس کامیابی سے مکمل کریں گے انھیں فیلوشپ کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ حاصل ہوگا۔
مدت، تاریخ، فیس اور انتخاب کا طریقہ کار:فیلو شپ کی مدت ایک سال ہوگی۔درخواست کا مرحلہ 7 فروری 2023ء سے شروع ہوچکا ہے جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 2مارچ2023ء ہے اور درخواست دینے کی فیس 500 روپئے ہے۔ انتخاب کا عمل دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام درخواست دہندگان کو ایک ٹیسٹ جو معروضی (Objective)نوعیت کا ہوگا اس میں شریک ہونا پڑے گا۔ پہلےمرحلے میں آن لائن ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے 210 (دو سو دس) درخواست گزار دوسرے مرحلے کے اہل ہوں گے۔دوسرے مرحلے میں ان امیدواروں کو دیےگئے مضامین پرتین مضامین جمع کرانا ہوں گے۔ حتمی انتخاب کے لیے مضامین جمع کرانے والے امیدواروں کے ذاتی انٹرویو لیے جائیں گے۔ ساٹھ (60) امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔آن لائن ٹیسٹ، حتمی انتخاب ، مضامین اور انٹرویوکو ویب سائٹ پر سلیکشن پروسیس کے ٹیب کے تحت بیان کیا ہے امیدوار اس کا بغور مطالعہ کرلیں۔
مستقبل میں کرئیر کے مواقع:حکومت جیسے اہم اور بڑے ادارے کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت ہی نادر اور منفرد تجربہ ہوتاہے۔ فیلوشپ پروگرام مینجمنٹ، کمیونیکیشن،مسئلہ حل کرنے، وسائل کے مناسب استعمال وغیرہ سے متعلق مہارتوں میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ تجربہ فیلوز کو مختلف تعلیمی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ مستقبل میں یہ فیلو شپ یافتہ امیدوار سول سروسز، پبلک پالیسی، پالیسی سازی، مینجمنٹ، کنسلٹنسی، سماجی شعبے میں کیریئر بناسکتے ہیں۔
انتخاب کے لیے آن لائن ٹیسٹ کی نوعیت:اہل امیدواروں کا انتخاب دو مرحلوں میں ہوگاپہلا مرحلہ آن لائن ٹیسٹ کا ہوگا جس میں معروضی سوالات پر مبنی کثیر متبادل والے 100 مارکس کے سوالات پوچھے جائیں گے۔ پچاس سوالات عام معلومات (عام معلومات، کرنٹ افئیرس، سماجی ایشوز، بھارت اور مہاراشٹر کے تناظر میںاقتصادی امور سے متعلق سوالات) ، دس سوالات توضیحی اہلیت (Reasoning Ability)، دس سوالات انگریزی گرامر، پانچ سوالات مراٹھی زباندانی، دس سوالات انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایم ایس آفس اور انٹرنیٹ، پندرہ سوالات مقداری رجحانات(ڈاٹا کی وضاحت، ارتھمیٹک،الجبرا اور بنیادی جیومیٹری) پر مشتمل ہوں گے۔ اس آن لائن ٹیسٹ کے لیے ایک گھنٹہ (60 منٹ) کا وقت مختص ہے۔ ٹیسٹ انگریزی میں ہوگا جبکہ سوالات اورمتبادلات کا مراٹھی ترجمہ بھی حسب ضرورت دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے سے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے دو سو دس (210)امیدواروں کو دوسرے مرحلے مضمون نویسی کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ امیدواروں کو تین مضامین آن لائن جمع کرنے ہوں گے یہ مضامین انگریزی، ہندی اور مراٹھی میں دیے جاسکتے ہیں۔ ان مضامین کے عنوانات سے منتخبہ امیدواروں کو ای میل اور ویب سائٹ کے ذریعہ مطلع کیاجائے گا۔ مضامین کی قدر پیمائی کے بعد امیدواروں کا ذاتی انٹرویو ہوگا ۔ آن لائن ٹیسٹ کے 100 مارکس کو 15، مضامین کے مارکس 30، ذاتی انٹرویو کے مارکس 50 اور پوسٹ گریجویشن یا پروفیشنل ڈگری کے لیے 5 مارکس تفویض کیے جائیں گے۔ اس طرح میرٹ کی بنیاد پر 60 اورویٹنگ لسٹ 15 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ ساٹھ (60) امیدواروں میں سے شرکت نہ کرنے والوں کی خالی جگہ کو ویٹنگ لسٹ امیدواروں سے پُر کیا جائے گا۔
مراعات، شرائط و ضوابط:فیلو شپ حاصل کرنے والے امیدواروں کو ایک سال کے لیے حکومتی خدمات پر گریڈ &#39اے'ٓفیسر کی حیثیت میں مقرر کیا جائے گا۔ عارضی آئی ڈی کارڈ اور دفتری ای میل مہیا کیا جائے گا۔ ماہانہ ستر ہزارروپئے اسٹائپینڈ (وظیفہ) اور پانچ ہزار روپئے سفری اخراجات ، اس طرح کل ماہانہ -/75000روپئے ادا کیے جائیں گے۔ سالانہ 8 دنوں کی چھٹی، حادثاتی بیمہ کی سہولت دی جائے گی۔ یہ پروگرام ایک سال یعنی بارہ (12) ماہ پر مشتمل ہوگا۔ دوبارہ تقرری یا مدت کار میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ فیلو امیدوار کو اپنی رہائش اسے تفویض کیے گئے شعبہ کے دفتر کے شہر یاضلع میں کرنی ہوگی اور خود کرنی ہوگی۔یہ ایک فل وقتی فیلو شپ ہے یعنی اس کی مدر کار کے دوران فیلو امیدوار کوئی اور ملازمت کرنے کااہل نہیں ہوگا۔
ویب سائٹ و دخواست کا طریقہ کار:اس پروگرام کے لیے درخواست دینے والے اہل امیدواروں کو درج ذیل ویب سائٹ پر
https://mahades.maharashtra.gov.in/FELLOWSHIP لاگ ان کرنا ہوگا۔ اپنا اکاؤنٹ بناکر مکمل تفصیل اور دستاویزات اپلوڈ کرنے ہوں گے۔ درخواست دیتے وقت امیدوار اپنے ساتھ دسویں، بارھویں ، گریجویشن ،پوسٹ گریجویشن ، پروفیشنل ڈگری ، فوٹواور دستخط (اسکین شدہ) ، رہائشی ثبوت کے دستاویزات اور تجربہ کی سند اپنے ساتھ رکھیں۔ انھیں ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنا ہوگا۔ درخواست دینے
سے پہلے مکمل ہدایات اور دیگر تفصیلات کا بغور مطالعہ کرلیں اور آخری تاریخ سے قبل ہی درخواست فارم مکمل آن لائن بھرلیں ساتھ ہی گریجویشن کی سطح کے اہلیتی امتحانات کی کتابوں سے آن لائن ٹیسٹ کے لیے استفادہ کریں۔
نوجوانوں، ملی تنظیموں اور تعلیمی اداروں سے درخواست: ریاست مہاراشٹر میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد گریجویٹ ہورہی ہے جو اس فیلو شپ کی اہل بھی ہے۔ ملی تنظیمیں اور تعلیمی ادارے اگر اس ضمن میں تھوڑی محنت کریں اور نوجوانوں کو ترغیب دیں تو کچھ بعید نہیں کہ ریاست کی ترقی کے لیےمنتخبہ ان امیدواروں میں ہمارے نوجوانوںکی بھی شمولیت ہوگی۔ بالخصوص مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرانے والے ریاست بھر کے مختلف اداروں کی تھوڑی سی کوشش ثمر آور ثابت ہوگی۔ll

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS