این ڈی اے میں اب بچا کیا ہے؟:شیو سینا

0

زرعی بلوں کے خلاف مرکز میں برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سے شرومنی اکالی دل کے نکلنے کے بعد شیو سینا نے پیر کو حیرت کا اظہار کیا کہ کیا این ڈی اے کا اب بھی درحقیقت کوئی وجود ہے۔ اس نے ساتھ ہی سوال کیا کہ اب اس میں اور کون باقی ہے۔ 
شیو سینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ یہ عجیب ہے کہ این ڈی اے کے ’آخری ستون‘ اکالی دل کو اتحاد سے ہٹنے سے نہیں روکا گیا۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ’جب بادل (این ڈی اے سے) ہٹے تو انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ اس سے قبل شیو سینا بھی این ڈی اے سے ہٹی تھی۔ ان دونوں کے ہٹنے کے بعد این ڈی اے میں اب بچا کیا ہے؟ جو اب بھی اتحاد میں ہیں ان کا ہندوتو سے کیا کوئی لینا دینا ہے؟‘ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ’پنجاب اور مہاراشٹر جرأت کی نمائندگی کرتے ہیں اور شرومنی اکالی دل اور شیو سینا اس جرأت اور بہادری کا چہرہ ہیں۔‘ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ’اب جب کچھ نے اس اتحاد کو ’رام-رام‘ (الوداع) کہہ دیا ہے اور اس لیے اتحاد میں اب رام نہیں بچے ہیں جس نے اپنے 2 شیر (شیو سینا اور شرومنی اکالی دل) کھو دیے ہیں۔‘ پارلیمنٹ میں زرعی بلوں کے پاس کیے جانے کے خلاف اکالی دل نے ہفتہ کو این ڈی اے سے ناطہ توڑ لیا تھا۔ شیو سینا اور تیلگو دیشم پارٹی کے بعد حالیہ دنوں میں این ڈی اے سے رشتہ توڑنے والا اکالی دل تیسرا بڑا فریق ہے۔ مہاراشٹر میں وزیراعلیٰ کے عہدہ کو لے کر تنازع کے بعد شیو سینا نے گزشتہ سال اسمبلی الیکشن کے بعد این ڈی اے کو الوداع کہہ دیا تھا۔ 
اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ’پہلے شیو سینا کو این ڈی اے سے الگ ہونا پڑا۔ اب اکالی دل نے چھوڑا۔ 2 اہم ستونوں کے باہر نکلنے کے بعد کیا حقیقت میں این ڈی اے اب بھی بچا ہوا ہے؟‘ اداریہ کے مطابق قومی سطح پر کانگریس کے خلاف مضبوط اتحاد بنانے کے لیے این ڈی اے تشکیل کی گئی تھی۔ گزشتہ کچھ برسوں میں اس اتحاد نے بڑے اتار چڑھائو دیکھے ہیں اور کئی دیگر پارٹیاں بھی اتحاد کو چھوڑ چکی ہیں۔ شیو سینا نے کہا کہ مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے ساتھ سرکار بہتر کام کر رہی ہے اور موجودہ اتحادی سرکار 5 سال کی مدت کار پوری کرے گی۔ 
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS