ہجومی تشدد نے گائے چوری کے الزام میں 2 افراد کا کیا قتل

0

مغربی بنگال:ہجومی تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کوچ بہار ضلع میں ہجومی تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔جہاں گائے چوری کے شک میں دو لوگوں کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر ڈالا۔
یہ معاملہ جمعرات کا ہے جب کوتوالی تھانہ کے تحت پٹی ماری کے پاس پھلیشوری علاقہ میں لوگوں کی بھیڑ نے دو افراد پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔ پولس کے مطابق مہلوکین کی شناخت پرکاش داس اور بابلہ مترا کی شکل میں ہوئی ہے۔ دونوں ہی ماتھا بھانگا علاقے کے رہنے والے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ پرکاش داس اور بابلہ مترا پِک اَپ وین میں مویشی لے کر جا رہے تھے۔ اسی دوران پھلیشوری کے پاس انھیں روک کر کچھ لوگ پوچھ تاچھ کرنے لگے۔ دونوں پر گائے چوری کا الزام لگاتے ہوئے ان کی پٹائی شروع کر دی۔ اس دوران موقع پر کافی بھیڑ جمع ہو گئی۔ بھیڑ نے بھی دونوں لوگوں کو پیٹنا شروع کر دیا۔ بھیڑ نے اتنا پیٹا کہ دونوں کی موت ہو گئی۔ خبر ملنے کے بعد پولس موقع پر پہنچی اور دونوں کو بھیڑ کے چنگل سے چھڑایا۔ پولس پرکاش اور بابلہ کو ضلع اسپتال لے کر گئی جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
یہاں کے ایس پی سنتوش نمبلکر نے بتایا کہ اس معاملے میں کیس درج کر لیا گیا ہے، پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ شروعاتی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ دونوں کو گائے چور سمجھ کر بھیڑ نے پیٹنا شروع کر دیا۔ بھیڑ کی پٹائی سے دونوں لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ پولس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS