Image:The Hindu

یشونت سنہا کی قیادت میں ترنمول کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد الیکشن کمیشن سے ملا
کولکاتہ، (پی ٹی آئی): سابق مرکزی وزیر اور ترنمول کانگریس کے نائب صدر یشونت سنہا اور ریاست کے وزیر سبرت مکھرجی کی قیادت میں پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور کچھ پولنگ مراکز میں سینٹرل پولیس فورسز کے ذریعہ مبینہ طور پر بی جے پی کے حق میں تفریق کیے جانے کی شکایت کی۔
سنہا نے چیف الیکٹورل آفیسر عارض آفتاب سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ دہلی سے ہدایت دے کر انتخابی عمل کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اسمبلی الیکشن کے پہلے 2 مراحل میں کئی بوتھوں پر سنٹرل فورسز کا کردار تفریق آمیز رہا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ ہماری پارٹی کے معاونین پر حملے اور تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ اس بات کا نوٹس لیں کہ آگے کے مراحل میں اس طرح کے واقعات پھر سے نہ ہوں۔‘ واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی جمعرات کو نندی گرام اسمبلی حلقہ میں تعینات سنٹرل فورسز پر بھگوا پارٹی کی مدد کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اس سیٹ پر ان کا مقابلہ ایک وقت معاون رہنے والے لیکن اب بی جے پی میں شامل شبھیندو ادھیکاری سے ہے۔
سنہا نے کہا کہ ’مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ان کی پارٹی کی مخالفت کرنے والے لوگوں کو اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال کرنے سے روک کر عوام ووٹ بی جے پی کے حق میں لانے کے لیے جو کرسکتے ہیں، سب کر رہے ہیں۔ اسے روکنا ہوگا۔‘ ریاست میں پہلے مرحلہ کی پولنگ کے بعد بی جے پی کو اکثریت ملنے سے متعلق وزیراعظم کے ٹویٹ پر انہوں نے کہا کہ ’دوسرے مرحلہ کے بعد ہمیں وزیراعظم کا ایسا کوئی ٹویٹ دیکھنے کو نہیں ملا۔ ہم ایک بار پھر ان کے ٹویٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔‘ سابقہ باجپئی سرکار میں وزارت خزانہ اور خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے یشونت سنہا نے دعویٰ کیا کہ (انتخابی عمل میں) بی جے پی کی مداخلت اور اکساوے کے باوجود ترنمول کانگریس کو یکطرفہ جیت ملے گی۔ ریاستی سرکار میں وزیر سبرت مکھرجی نے اپنی پارٹی کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں 50 سال سے الیکشن دیکھتا آرہا ہوں لیکن میں نے انتخابی عمل میں اس طرح کی زبردست مداخلت پہلے نہیں دیکھی۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS