ہم نے تو افغان فوج کی ترتیب کی اور اسلحہ فراہم کیا، کس نے کہہ دی یہ راز کی بات

0
Image:thehindu

واشنگٹن (ایجنسی):امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ہم نے افغان فوج کی تربیت کی اور انہیں ہر قسم کا اسلحہ فراہم کیا لیکن اگر وہ لڑنا نہیں چاہتیں تو امریکی افواج بھی ان کے لیے کچھ نہیں کر سکتیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغان افواج کی تنخواہیں تک ہم ادا کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ افغانستان سے افواج کی واپسی کا فیصلہ درست تھا اور جنگ ختم کرنے کے فیصلے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں۔ پیر کو افغانستان کی صورت حال پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وقت آ گیا تھا کہ امریکہ کی 20 برس طویل ترین جنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
افغانستان سے انخلا کے اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔ اب 20 برس بعد افغانستان سے نکلنے کا وقت آ گیا تھا۔ انہوں ںے مزید کہا کہ امریکہ نے اشرف غنی کو طالبان سے بات چیت کا مشورہ دیا تاہم انہوں نے تجویز مسترد کردی اور کہا کہ افغان فورسز لڑیں گی۔ امریکہ کے صدر نے تسلیم کیا کہ افغان حکومت توقعات سے زیادہ تیزی سے گر گئی اور کہا کہ ان کے پاس طالبان کے سامنے کھڑا ہونے کے جذبے کا فقدان تھا۔
جو بائیڈن کے مطابق ہم نے انہیں اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا ہر موقع فراہم کیا، لیکن ہم انہیں مستقبل کے لیے لڑنے کا جذبہ نہیں دے سکتے تھے۔اپنے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ’امریکہ کے چار صدور کے ادوار میں ہم افغان جنگ میں شریک رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغان جنگ میں مزید نسلیں نہیں جھونک سکتے۔انہوں نے بتایا کہ ’افغانستان میں رہنے والے امریکیوں کو واپس لایا جائے گا جس کے بعد اپنا مشن ختم کر دیں گے۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا سفارت خانہ بند کر دیا ہے اور اپنے عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی اور اتحادیوں کے انخلا کے لیے اپنے 6 ہزار فوجی کابل بھیجے ہیں۔طالبان پر واضح کر دیا ہے کہ اگر ہمارے انخلا کے مشن میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ہمارا ردعمل فوری اور موثر ہوگا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف فوری کارروائی کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ دو ہزار افغان شہری امریکہ کے خصوصی امیگریشن ویزے کے لیے اہل ہوں گے۔ قوم سے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم افغان عوام، عورتوں اور لڑکیوں کے بنیادی حقوق پر بات کرتے رہیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS