ہم نے دہلی کوخوبصورت بنایا،پنجاب کو بھی سنواریں گے

0

ہم دہلی کی طرح پنجاب میں بھی مفت بجلی،پانی ،تعلیم اورصحت کی سہولتیں فراہم کریں گے:اروندکجریوال
نئی دہلی؍امرتسر(ایس این بی) : عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ نے آج پنجاب کے امرتسر میں دو ٹاؤن ہال میٹنگ کی اور وکلاء، آنگن واڑی اور آشا ورکروں کے مسائل سنے اور ان کے تمام مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔ ہماری حکومت کے قیام کے ساتھ ہی آپ کے گھر اور پیشے کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم دہلی کی طرح تمام وکلاء کو میڈیکل اور لائف انشورنس فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ وکلاء کے لیے چیمبرز اور ہائی کورٹ بنچ بھی بنائے جائیں گے۔اروند کجریوال نے آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کو یقین دلایا کہ ہم آپ کے تمام مطالبات کو پورا کریں گے۔ ہم دہلی کی طرح پنجاب میں بھی مفت بجلی، پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی واحد پارٹی ہے جو پنجاب اور ملک کو مستقبل دے سکتی ہے۔ ہم ایماندار لوگ ہیں، پوری ایمانداری سے کام کریں گے۔ہم نے دہلی کو خوبصورت بنایاہے، پنجاب کو بھی سنواریں گے۔اروند کجریوال نے اپنے دورہ پنجاب کے دوسرے دن امرتسر میں دو ٹاؤن ہال میٹنگ کی۔اروندکجریوال نے پہلی ملاقات وکلاء اور دوسری ملاقات آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کے ساتھ کی۔ اس ٹاؤن ہال میٹنگ میں وکلاء اور آنگن واڑی اور آشا کارکنوں نے اپنے تمام مسائل کو اٹھایا، جسے اروند کجریوال نے نوٹ کیا اور ان کے مسائل کوحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اروند کجریوال نے کہا کہ آج میں یہاں آپ سے رشتہ جوڑنے آیا ہوں۔ مجھے اپنا چھوٹا یا بڑا بھائی سمجھیں۔ میں آج بھائی بننے آیا ہوں۔ ہم آپ کے گھر اور پیشے کا مسئلہ حل کریں گے، یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ ہماری حکومت بنے گی تو یاد رکھو کہ ہم وکلاء کے چیمبر بھی بنائیں گے۔ میڈیکل اور لائف انشورنس بھی ملے گا، وظیفہ بھی ملے گا اور ہائی کورٹ کا بنچ بھی بنے گا۔ اس کے علاوہ وکلاء کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔میں پنجاب کے 80-85 ہزار وکلاء کو مدعو کرتا ہوں اور سب سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہوں۔ یہ واحد پارٹی ہے، جس نے دہلی کو سجایا ہے۔ یہ واحد جماعت ہے جو پنجاب کو مستقبل دے سکتی ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو ملک کو مستقبل دے سکتی ہے۔ ہم ایماندار لوگ ہیں، ایمانداری سے کام کریں گے۔ اب الیکشن میں ڈیڑھ ماہ رہ گیا ہے، ہمیں بہت محنت کرنی ہے، الیکشن جیتنے کے بعد آپ کے تمام مسائل حل کروں گا۔وہیں اروند کجریوال نے آنگن واڑی اور آشا کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب کورونا عروج پر تھا، تب آپ گھر گھر جا کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کی خدمت کر رہے تھے۔ جب کوئی بھی سرکاری افسر گھر سے نکلنے سے ڈرتا تھا، ایسے وقت میں آپ لوگوں نے اپنی جان داؤ پر لگا کر عوام کی خدمت کی۔ دہلی میں بھی ہماری آشا اور آنگن واڑی کارکنوں نے لوگوں کی بہت خدمت کی ہے۔ ہم نے اعلان کیا کہ اگر کوئی فرنٹ لائن ورکر عوام کی خدمت کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہو کر مر جاتا ہے تو ہم اس کے خاندان کو ایک کروڑ روپے اعزازیہ کے طور پر دیں گے۔ نہ صرف ہم نے اعلان کیا بلکہ میں خود بھی کئی لوگوں کے گھر گیا اور ایک ایک کروڑ روپے کا چیک لے کر آیاتاکہ لوگ آگے آئیں اور مزید ہمت سے کام کریں۔ دہلی میں بھی جب ہم نے پہلی بار الیکشن لڑا تھا تو آشا کارکنوں سے بات کرنے کے بعد ہم نے ان کے مطالبات کو سمجھا اور حکومت بننے کے بعد ان کے مطالبات کو پورا کیا۔ اس سے پہلے دہلی میں آشا کارکنوں کو مقررہ اور ترغیب کے طور پر 1500 روپے ملتے تھے۔ ہم نے ہر چیز کو دوگنا کر دیا۔ آج انہیں تین ہزار روپے مقررہ اور مراعات ملتی ہیں اور ہر آشا کارکن ہر ماہ 8 ہزار سے 12 ہزار تک اپنے گھر لے جاتی ہے۔ میں یہ گارنٹی دے رہا ہوں کہ حکومت بننے کے بعد ہم آنگن واڑی اور آشا ورکرس کے تمام مطالبات کو پورا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں بدعنوانی ختم ہو چکی ہے۔ اس سے اتنی رقم بچ گئی کہ ہم نے بجلی مفت کر دی۔ حکومت بننے کے بعد پنجاب میں بھی مفت بجلی دیں گے۔ بجلی کے پرانے بل معاف کیے جائیں گے۔ دہلی میں ہم نے پانی اور خواتین کے بس کا سفر مفت کر دیا ہے۔ دہلی کے سرکاری اسکولوں نے بہت اچھا کام کیا ہے اور تمام تعلیم مفت ہے۔ آج اگر ایک خاندان کے دو تین بچے پرائیویٹ اسکول میں پڑھتے ہیں تو تقریباً 10 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن اگر سرکاری اسکول اچھے ہو جائیں اور تعلیم مفت ہو جائے تو آپ کو ہر ماہ دس ہزار روپے کی بچت ہو گی۔ اس کے علاوہ ہم نے دہلی میں تمام علاج مفت کرائے ہیں۔ کوئی بھی بیماری ہو، آپ کا سارا خرچ دہلی حکومت دیتی ہے۔ یہ سارا کام ہم پنجاب میں بھی کریں گے۔ آپ سے گزارش ہے کہ الیکشن تک اپنے علاقے کی ذمہ داری سنبھالیں، آپ نے ہر گھر میں جانا ہے اور اس بار ہر ووٹ جھاڑو پر ڈالنا ہے۔ آپ اگرہر ووٹ جھاڑو پر ڈالتے ہیں تو آپ کے تمام مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS