دہلی میں بجلی کے ساتھ پانی کا بھی بحران

0

ایک ہفتہ کے اندردہلی سرکار کا ہریانہ کے محکمۂ آبپاشی کو دوسرا مکتوب
نئی دہلی (ایس این بی)دہلی میں بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان بجلی بحران کے ساتھ ساتھ پانی کا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے اور یمنا میں پانی کے کم بہاؤ کی وجہ سے وزیر آباد تالاب میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ افسران نے یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سرکار نے ایک ہفتے میں دوسری بار ہریانہ کے محکمہ آبپاشی کو خط لکھ کر یمنا میں اضافی پانی چھوڑنے کے لیے کہا ہے تاکہ راجدھانی میں پانی کی سپلائی میں رخنہ پیدا نہ ہو۔ ایک افسرنے بتایا کہ وزیر آباد بیراج پر پانی کی سطح بدھ کی صبح 672.30 فٹ پر آگئی جب کہ معمول کی سطح 674.5 فٹ تھی۔ ہریانہ دہلی کو دو نہروں کے ذریعے 61 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے ۔ کیریئر لائنڈ چینل (سی ایل سی ) اور دہلی سب برانچ (ڈی ایس بی)۔ ہتھینی کنڈ سے سی ایل سی اور ڈی ایس بی کو مونک کینال اور بھاکڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ کے ذریعہ پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کو یومیہ 253 ملین گیلن پانی اتر پردیش سے اپر گنگا نہر کے ذریعہ ملتا ہے۔ ان کے علاوہ 90 ملین گیلن پانی راجدھانی کے کنوؤں اور ذخائر سے آتا ہے۔ ایک اور افسر نے بتایا کہ وزیرآباد کے تالاب میں پانی کی سطح کم ہونے اور سی ایل سی میں کم بہاؤ کی وجہ سے چندروال، وزیرآباد، حیدر پور، نانگلوئی اور دوارکا سمیت متعدد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی آپریشنل صلاحیت کم ہوگئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کو 2021 میں 1,380 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت تھی جبکہ دہلی جل بورڈ صرف 950 ایم جی ڈی پانی فراہم کر سکا۔ محکمہ موسمیات نے مئی کے مہینے میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS