یوکرین میں جنگ جاری 4شہر بدستور محصور

0

دبئی (ایجنسیاں) : برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کے شمال مغرب میں لڑائی جاری ہے۔ مزید یہ کہ روسی کی زمینی افواج کا بڑا حصہ کیف کے وسط سے تقریبا 25 کلومیٹر کی دوری پر رہ گیا ہے۔وزارت نے ٹویٹر پر بتایا کہ یوکرین کے جوابی حملوں میں روسی افواج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یوکرین کے چار شہر خارکیف ، سومی، ماریوپول اور چیرنھیف ابھی تک محصور ہیں اور روس کی بھاری بم باری کا نشانہ بن رہے ہیں۔یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کے جاری رہنے کے ساتھ ہی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں آج صبح خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ اس کا مقصد شہریوں کو خبردار کرنا تھا۔
روسی افواج نے جمعے کے روز اپنی صفوں کو از سر نو منظم کیا تا کہ دارالحکومت کیف پر ممکنہ حملہ کیا جا سکے۔ سیٹیلائٹ تصاویر کے مطابق روسی افواج نے دارالحکومت کی سمت پیش قدمی دوران میں توپوں سے فائرنگ کی۔
یوکرین کی فوج کے بیان کے مطابق روسی افواج کی کوششیں دارالحکومت کیف کے علاوہ ماریوپول، کریوی ریگ، کرمنچوگ، نیکوپول اور زابوریگیا کے علاقوں میں مرکوز ہیں۔ مزید یہ کہ روسی فوج کامیابی پر قادر نہیں اور اس نے یوکرین کے شہروں ڈنیبرو، لوتسک اور ایوانو فرانکیوسک میں میزائلوں اور بموں سے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔سیٹیلائٹ تصاویر میں کیف کے نزدیک ہوسٹومیل میں انٹونوف ہوائی اڈے پر آگ اور کیف کے شمال مغرب میں واقع قصبوں میں جلے ہوئے گھروں کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS