انتخابی نتائج کے بعدتریپورہ میں تشدد

0

اگرتلہ: جمعرات کو 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد تریپورہ میں مبینہ طور پر برسراقتدار بی جے پی نے ریاست میں اپوزیشن سی پی آئی-ایم اور کانگریس پر حملہ کیا ۔کم از کم 3 سی پی ایم پارٹی دفاتر کو نذر آتش کر دیا گیا، جبکہ کانگریس کے ایک دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔سی پی آئی-ایم کے ریاستی سکریٹری جتیندر چودھری نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے حمایت یافتہ غنڈوں نے فتح کے جلوس کے ساتھ مغربی تریپورہ اور ڈھلائی اضلاع میں سی پی آئی-ایم پارٹی کے کچھ دفاتر کو آگ کے حوالے کردیا۔سی پی آئی-ایم کی ریاستی کمیٹی کے رکن پبیترا کار سمیت 5 لوگوں کے گھروں پر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔مسٹر چودھری نے بتایا کہ سیپاہیجالا میں ایک اقلیتی خاندان کے کم از کم8 افراد کو بری طرح سے زدوکوب کیا گیا، جنہیں رات میں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے بے گناہ حامیوں کو کئی جگہوں پر ہراساں کیا گیا اور بی جے پی پارٹی کو رقم ادا کرنے کا نوٹس دیا گیا۔ مسٹر چودھری نے الزام لگایا کہ یہ ایک مکمل افراتفری ہے اور ریاست میں امن و امان کو خراب کرنا ہے ۔ ہمارے قائدین نے مقامی پولیس کو اس سلسلے میں مطلع کیا اور زیادہ تر معاملوں میں پولیس نے فوری جواب دیا، جس کے نتیجے میں شرپسند فرار ہونے کے علاوہ زیادہ نقصان نہ کر سکے ۔ انتخابی کامیابیوں کے نام پر غنڈہ گردی کے خلاف بی جے پی کے ریاستی صدر یا وزیر اعلیٰ یا کسی بھی وزیر کی جانب سے ایک بھی بیان نہیں آیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS