کوون پورٹل پر50لاکھ سے زیادہ لوگوں نے کرایا رجسٹریشنq پرائیویٹ اسپتال بھی آگے آئے
نئی دہلی: ملک میں کورونا ٹیکہ کاری کی رفتار میں تیزی لانے کیلئے سرکار کی طرف سے ہرطرح کے قدم اٹھائے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے اب تک 1.56کروڑ لوگوں کو ملک میں ٹیکہ لگ چکا ہے۔ کورونا ٹیکہ کاری کی رفتار میں مزید تیزی لانے کیلئے سرکار کی جانب سے ایک اور بہتر فیصلہ لیا گیا ہے، جس کے تحت اب 24گھنٹے کسی وقت کورونا ویکسین کی خوراک لی جاسکتی ہے۔
مرکزی وزیر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ حکومت نے کورو نا سے بچاؤ کیلئے انتظام کیا ہے کہ کورونا ویکسین اب کسی بھی وقت لی جاسکتی ہے۔ اب شہری اپنی سہولت کے مطابق 24 گھنٹوں میں کبھی بھی کورونا ویکسین کی خوراک لے سکتے ہیں۔ آج تک کووڈ19- ویکسین کی 1.54 کروڑ خوراکیں مستفید افراد کو دی گئیں ہیں۔ اس اعداد و شمار میں منگل کو دی جانے والی 609845 خوراکیں بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا دوسرے مرحلے میں 2دن کے اندر ہی ٹیکہ لگوانے کیلئے کوون پورٹل پر 50لاکھ سے زیادہ لوگوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ٹیکہ کاری مہم کو مزید رفتار دینے کیلئے سرکار نے طے شدہ پیمانوں پر عمل کرنے والے تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی ٹیکہ لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ پیر سے شروع ہوئے دوسرے مرحلے میں 60سال سے زیادہ اور سنگین بیماریوں سے متاثر 45سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جارہاہے۔
دوسری جانب ویکسین کی جدت طرازی کے عالمی برانڈ ، انڈیا بائیوٹیک نے بدھ کے روز ویکسین کے تیسرے مرحلے کے تجرباتی نتائج کا اعلان کیا اور تیسرے مرحلے میں ویکسین کے اثر کی صلاحیت 81 فیصد پائی گئی ہے ۔کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں یہاں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی میڈیکل ریسرچ کونسل کے اشتراک سے کئے گئے اس تجرباتی مطالعہ میں 25800 افراد شامل تھے ۔ یہ ہندوستان میں ایسی سب سے بڑی تحقیق ہے جس نے کسی ویکسین کی موثر صلاحیت کا تجربہ کیا ہے ۔ اس تجربے میں شامل افراد کو غیر فعال کورونا وائرس کی ڈوز دی گئی اور پھر اس وائرس کے خلاف پیدا ہونے والی اینٹی باڈیز کی سطح کا مطالعہ کیا گیا۔کمپنی نے کہا کہ یہ سائنس اور کورونا وائرس سے لڑنے کا آج کا سب سے بڑا سنگ میل ہے اور آج کے نتائج کے ساتھ ہمارے پاس مجموعی طور پر تین مرحلوں کے تجرباتی نتائج سامنے آئے ہیں اور ان میں مجموعی طور پر 27000 افراد نے حصہ لیا۔انڈیا بائیوٹیک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کرشنا ایلا نے بتایا کہ کوویکسین کے نتائج کورونا وائرس کے خلاف کافی مؤثر ہیں اور نئی ویریئنٹ کے خلاف بھی موثر ہیں۔اس مرحلے میں مجموعی طور پر 25800افراد نے حصہ لیا اور ان رضاکاروں کی عمریں 18سے98 سال کے درمیان تھیں اور 2433 افراد 60 سال سے زیادہ عمر کے تھے اور انہیں دوسری بیماریوں کا بھی سامنا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS