اعظم خان کی مدد نہیں کر رہے ہیں اکھلیش :شیو پال

0

سیتا پور(ایس این بی) : پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر شیو پال سنگھ یادو نے آج جمعہ کوسیتا پور جیل میں بند سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈرمحمد اعظم خان سے ملاقات کی۔ مسٹر یادو اپنے حامیوں کے ساتھ سیتاپور جیل پہنچے اور جیل میں ملاقات کے دوران مختلف ایشوز پر اعظم خاں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ شیوپال اور اعظم خاں کی ملاقات کے کئی معنی تلاش کیے جارہے ہیں۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو جس طر ح سے اعظم خان کی مدد کرنی چاہئے تھی، اس طرح سے ان کی مدد ہوتی نظر نہیں آرہی ہے ۔ جیل کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شیو پال نے کہا کہ ایس پی کو تمام فورمز پرمحمد اعظم خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا معاملہ اٹھانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے خلاف صرف ایک کیس رہ گیا ہے جس کی سماعت ہوچکی ہے ، امید ہے کہ وہ جلد جیل سے باہر آجائیں گے ۔
غور طلب ہے کہ شیو پال حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد سے ایس پی صدر اکھلیش یادو سے ناراض چل رہے ہیں۔اتر پردیش میں برسر اقتدار بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان کچھ دن پہلے انہوں نے پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کی قومی اور ریاستی عاملہ کو تحلیل کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان بہت سینئر سماجوادی لیڈر ہیں، اس لیے ایس پی کو ان کا مقدمہ مضبوطی سے لڑنا چاہیے تھا۔ شیو پال نے کہا کہ دس بار کے ایم ایل اے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن، ایس پی کے اتنے سینئر لیڈر کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس کے خلاف ایس پی لیڈروں کو پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو سے مل کر اسے لوک سبھا میں آواز اٹھانی چاہئے تھی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا، یہ کہیں نظر نہیں آ رہا ہے کہ ایس پی اعظم کی مدد کے لیے کچھ کر رہے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ اعظم خان جو تقریباً 80مجرمانہ مقدمات میں عدالتی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں، گزشتہ دو سال سے جیل میں ہیں۔ شیو پال نے کہا کہ اگر تمام ایس پی ممبران پارلیمنٹ ایوان میں نیتا جی ملائم سنگھ یادو کے ذریعے اس مسئلہ کو اٹھائیں گے تو یقیناً وزیر اعظم نریندر مودی اس کا نوٹس لیں گے ، ویسے بھی وزیر اعظم مودی نیتا جی کا بہت احترام کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS