انسانی فلاح کے لیے ٹیکنالوجی اور جدید آلات کا استعمال لازمی

خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد،بین العلومی معاملات پر دانشوروں کا اظہار خیال

0

گلبرگہ :خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی میں ”بریجنگ نالج فرام ڈائیورس ڈسلپن فار گلوبل چیلنجز، یعنی مختلف علوم کے ذریعہ تغیر زمانہ سے پید اشدہ خلیج کو پاٹنے کی کوشش“ تھیم پر دو روزہ بین الاقوامی سمینار اختتام پذیر ہوا۔ جس میں ہندوستان، امریکہ، عمان اور دیگر ممالک کے دانش وروں نے میڈیا، معاشرتی معاملات، تحقیقی وسائل اور جدید آلات کے موضوعات پر بات چیت کی۔ گلبرگہ یونیورسٹی کلبرگی کے وائس چانسلر پروفیسر دیانند اگسر نے کلیدی خطبے میں تعلیم کے تصور،اس کے مراکز،مقاصد و اغراض اور تدریس کے پوشیدہ رموز مقاصد تدریس کے بدل جانے اور عصر حاضر میں اختیار کردہ تدریس کے نقصانات کے حوالے سے تکثیری شعبہ ہائے حیات میں مختلف علوم کے ایک دوسرے کے باہم پیوست جڑوں کی تلاش کرتے ہوئے ان میں شعوری اور منطقی تعلق کو پیدا کرنے کی کوشش کی۔قبل ازیں جلسے سے وائس چانسلر پروفیسر علی رضا موسوی نے اپنے خطاب میں علم کی ناقدری اور بے وقعتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسان اس دنیا کی سب سے مشکل ترین مخلوق ہے جس کو محض علم کی مدد سے نہیں سمجھا جاسکتا۔اختتامی پروگرام میں آئی ایف ایس ڈاکٹر سنیل پنوار نے کہا کہ انسانی فلاح کے لیے ہمیں خول سے نکلنا چاہیے۔ آج ہم اپنے میدان کا مجاہد کہہ کر بہت سے معاملات سے دامن بچا لیتے ہیں جو کہ بہتر نہیں ہے۔ اسی اجلاس میں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کے پرو چانسلر علی الحسینی نے کہا کہ میرے دادا نے جو 1958میں جو خواب دیکھا تھا، وہ شرمندہ تعبیر ہوگیا۔ کیوں کہ آج خواجہ بندہ نواز علم کی پیاس بجھانے میں مصروف ہے۔ اس موقع پر پروفیسر رخسار فاطمہ رجسٹرار انچارج خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی پروگرام میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور سیمینار کی کنوینر پروفیسر نشاط عارف حسینی نے اپنے خطاب میں کانفرنس کے موضوع کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے کہا کہ فی زمانہ دنیا بھر کے شعبہ جات منقسم ہیں اور انھیں یکجا کرنے سے ہی ترقی ممکن ہو سکتی ہے چنانچہ اتحاد بین شعبہ جات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر عطیہ خان اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ انگریزی نے شکریے کا فریضہ انجام دیا۔آرگنائزنگ سکریٹری سید ابرار اسسٹنٹ پروفیسر نے خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر ثنا اعجاز اور ڈاکٹر حنا مبین اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ریاضی و شعبہ زوولوجی نے نظامت کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے۔قبل ازیں کانفرنس کا آغاز ڈاکٹر عبدالصمد اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اُردو کی قرات کلام پاک سے ہوا۔کانفرنس میں ڈین ریسرچ ڈاکٹر راجشری پلاڈی،پروفیسر زماں موسوی،ڈاکٹر کنیز فاطمہ علوی،پروفیسر عبدالحمید اکبر کے علاوہ بے شمار پروفیسرس، اسسٹنٹ پروفیسرس،طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS