پٹنہ: (یو این آئی) اردو، ہندی اور انگریزی کے معروف صحافی اور منفرد شناخت رکھنے والے ریاض عظیم آبادی کا کل دیر رات دل کا دورہ پڑنے کے سبب ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ان کی عمر تقریباً 70 سال تھی۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔ان کی نماز جنازہ آج بعد نمازعصر سڈنی گراؤنڈ میں ادا اور چھوٹی متھنی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق تقریباً نصف صدی سے بہار کی ہندی، انگریزی اور اردو صحافت میں ایک منفرد حیثیت سے جانے اور پہچانے جانے والے مشہور و معروف صحافی ریاض عظیم آبادی کا کل رات ساڑھے نو بجے ان کی رہائش گاہ پر حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب انتقال ہوگیا۔۔ مرحوم ریاض عظیم آبادی نے پٹنہ یونیورسیٹی سے گریجویشن، لائگریجویٹ اور جرنلزم میں ڈپلوما حاصل کیا تھا۔ انہوں نے ہفتہ وار مسائل سے اپنے صحافتی کیرئیر کی شروعات کی تھی وہ اس میں بطور رپورٹر اور مینجنگ ایڈیٹر 1968 سے 1974 تک منسلک رہے۔ بعد میں یہ ہفتہ وار کمیونسٹ پارٹی کا اخبار بن گیا۔ 1974 سے 1977 تک سیکولر ڈیموکریسی، نئی دہلی کے علاقائی نمائندہ رہے۔
مسٹر ریاض عظیم آبادی نے 1977 سے 1986 تک شہرہ آفاق ہفتہ وار بلٹز کے بہار کے نمائندہ کی حیثیت سے اپنی خاص پہچان بنائی۔ 1991 سے 2000 تک دینک جاگرن کے بیورو چیف کی حیثیت سے خدمت انجام دیا۔ 2001 سے 2002 تک انڈین نیشن اور آریہ ورت سے جڑے رہے۔ 2002 سے 2005 تک سرس کرائم رپورٹر کے ایڈیٹر رہے۔ 2007 میں انہوں نے اپنا پندرہ روزہ سیکولر محاذ نکالا۔ سال 1994 میں ٹائمس فیلو شپ سے نوازہ گیا۔ ان کا موضوع تھا. Impact of Urdu Journalism on Muslim psyche اور Communal Riot in Bihar (under proses) تھا۔ وہ کئی سماجی و ملی اداروں سے بھی وابستہ تھے۔ کئی سالوں تک وہ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت(بہار چیپٹر) کے جنرل سکریٹری بھی رہے۔ 2016 میں بہار اردو اکادمی نے انہیں غلام سرور صحافتی ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
ان کے سانحہ ارتحال پرسیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافی برادری کے سرکردہ شخصیات کے علاوہ اظہار تعزیت کرنے والوں میں جمعیتہ علمائبہار کے ناظم اعلیٰ الحاج حسن احمد قادری، جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی، امارت شرعیہ بہار کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی القاسمی، آل انڈیامسلم مجلس مشاورت کے صدر و سابق وزیر شمائل نبی وسکریٹری جنرل ڈاکٹر انوارالہدیٰ، اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں، اردو کارواں کے صدر ڈاکٹر اعجاز علی ارشد، نائب صدر پروفیسر صفدر امام قادری، مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی، معروف افسانہ نگار مشتاق احمد نوری و ڈاکٹر مشتاق احمد، اردو مشاورتی کمیٹی کے سابق چیرمین شفیع مشہدی،، کانگریسی لیڈر ڈاکٹر شکیل الزماں انصاری، باری اعظمی، کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اختر الایمان ایم ایل اے، ذیشان کلیم، شکیل احمد خاں ایم ایل اے، اور ڈاکٹر اظہار احمد سابق ایم ایل اے وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS