ہولی کے موقع پر تجارت میں 30فیصد تک اضافہ

0

کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کا دعویٰ، دہلی کے مختلف علاقوں میں 3ہزار مقامات پر ہولی ملن کا انعقاد
نئی دہلی (ایس این بی) : کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (کیٹ) نے کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد اس سال ہولی کے تیوہار پر تجارت میں گزشتہ سال کے مقابلے تقریباً 30فیصد کا اضافہ ہونے کی بات کہی ہے۔ کیٹ نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہولی کے سیزن میں 20ہزار کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار ہوا اور چینی سامان کا نہ صرف تاجروں نے بلکہ عام آدمی نے بھی مکمل طور سے بائیکاٹ کیا۔ انہوںنے بتایا کہ ہولی سے جڑے سامان کا تقریباً 10ہزار کروڑ روپے کی درآمدات ہوتی ہے جو اس سال نا کے برابر رہی۔
کیٹ کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیوال نے کہا کہ اس سال ہولی کے موقع پر چین میں بنائے گئے سامان کا تاجروں اور صارفین نے بائیکاٹ کیا اور صرف ہندوستان میں بنے ہربل رنگ اور گلال، پچکاری، غبارے، چندن، پوجا کے سامان، پردھان سمیت دیگر سامان کی جم کر خریداری کی۔ اس کے علاوہ مٹھائیاں، خشک میوے، تحائف، پھول اور پھل، کپڑے ودیگر سامان کی بھی بڑے پیمانے پر تجارت کی گئی۔
کیٹ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ہولی کے موقع پر ہوئے کاروبار سے خوش تاجر طبقہ شادی کے سیزن کی تیاری میں جٹ گیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ کورونا کی پابندیوں کے ختم ہونے سے ان کی تجارت پھر سے پٹری پر لوٹ آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ ہولی پر دہلی میں ہی 3ہزار سے زائد مقامات پر ہولی ملن تقریبات کا انعقاد کیاگیا، اس سے بھی تجارت میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS