یوگی سرکار کے4 برس مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ کی اخبارنویسوں سے گفتگو، حکومت کی حصولیابیاں گنائیں
لکھنؤ (ایس این بی) : وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو اپنی حکومت کے 4 برس مکمل ہونے پر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی حکومت کے کام کاج کی تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کے 4 برس مکمل ہونے پر حکومت کی حصولیابیوں پر مبنی ایک مجلہ ’وکاس پستیکا‘ بھی جاری کیا۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کی کارکردگی شمار کراتے ہوئے کہا کہ جرائم سے نپٹنے کی حکومت کی کوششیں قابل تعریف ہیں اور یوپی میں موجودہ وقت میں مثبت ماحول ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر دہشت زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مجرموں کی 750 کروڑ روپے مالیت کی املاک ضبط کی ہے۔ اراضی مافیا کے قبضے سے سرکاری زمین خالی کرائی گئی ہے اور اب ان زمینوں پر ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر دعویٰ کیا کہ ریاست میں مجرمانہ معاملات میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے اقتدار کی باگ ڈور سنبھالتے ہی نظام میں تبدیلی کیلئے کوششیں شروع کیں، جب انہوں نے 2017 میں عنان حکومت اپنے ہاتھ میں لی تھی تو جرائم بہت زیادہ تھے اور جرائم پیشہ عناصر بے خوف تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2016-17 کے مقابلہ 2019-20 میں جرائم میں زبردست کمی آئی ہے۔ ان کی حکومت میں ہر منطقہ میں ایک سائبر تھانہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ 18 نئی قانونی سائنس لیب کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا۔ خواتین کے تحفظ، اعزاز اور خودکفالت کیلئے مشن شکتی مہم چلائی گئی۔ اسدالدین اویسی کی جانب سے انکائونٹر پر اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجرموں کی کوئی ذات یا مذہب نہیں ہوتا، ریاست کی فلاح کیلئے حکومت ضروری قدم اٹھاتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں 4 برس قبل ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم کے منتر کے ساتھ ریاست کو آگے لے جانے کی جو کوشش شروع کی گئی تھی، اس سے آج اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔ریاست میں سرمایہ کاری کا سب سے بہتر ماحول بنا ہے۔ بیروزگاری کی شرح کم ہوئی ہے۔
ایز آف ڈوئنگ بزنس میں ریاست کو دوسری رینک ملی ہے ۔فی کس آمدنی میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یوپی کے تئیں لوگوں کا نظریہ بدلا ہے اور مثبت ماحول بنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 برس کی یہ مدت کار ریاست کو بیمار ریاست کی شناخت سے نکال کر اہل اور باصلاحیت ریاست کی جانب لے جانے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے تفصیل سے ریاستی حکومت کی حصولیابیاں شمار کرائیں اور بہتر حکمرانی وشفافیت کی مثالیں پیش کیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ حکومت نے خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کو سبھی زمرے کے لوگوں کیلئے قابل ذکر کام کیا ہے۔ ان کی حکومت نے گزشتہ 4 برسوں میں ریاست کو ملک کی سب سے بڑی معیشت والی ریاست کے بطور آگے بڑھانے کی راہ ہموار کی ہے اور اب تیزی سے کام کرکے ریاست کو بلندیوں پر لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہندوستان کے نئی یوپی کے بطور ریاست آگے بڑھنے میں کامیاب رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 برس قبل کسان حکومت کی ترجیحات سے باہر تھا، لیکن آج وہ سیاست کے ایجنڈے میں شامل ہے اور کسانوں کے فروخت کیلئے ان کی آمدنی میں دوگنا زیادہ اضافہ کرنے کی مسلسل کوششیں کی گئی ہیں اور ہم نے اس کام کو مرکز کے ساتھ مل کر کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے روزگار کے امکان کو آگے بڑھایا ہے۔ ریاستی حکومت نے اب تک 3 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کورونا کے سلسلہ میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی میں ریاستی حکومت نے تاریخ رقم کی ہے۔ ملک کا سب سے بڑا پلازمہ بینک آج اترپردیش میں ہے۔ حالات پر ہماری نظر ہے اور ریاست کے عوام کے تحفظ کیلئے جو بھی مناسب قدم اٹھانے ہوں گے، ان پر کام کیا جائے گا۔ ہماری حکومت کورونا سے نپٹنے کے لیے پابند عہد ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کی حصولیابیاں شمار کراتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے 2.61 کروڑ بیت الخلاء تعمیر کرائے، جس سے 10 کروڑ افراد مستفید ہوئے۔ اب ریاست میں ہر تہوار خوشی سے منایا جاتا ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹروں پر 24گھنٹے بجلی اور تحصیل ہیڈکوارٹروں پر 22گھنٹے بجلی کی سپلائی کی سہولت ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں 18گھنٹے بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے صنعتوں کے لیے ماحول بنایا، پہلے یہاں کوئی آنا نہیں چاہتا ہے اور اب لوگ سرمایہ کاری کررہے ہیں، کیوں کہ اترپردیش میں سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول تیار کیاگیا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ یوپی میں فی کس آمدنی دوگنی سے زائد ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اترپردیش میں آمدورفت کے ذرائع کو مضبوط بنانے کے لیے پانچ بین الاقوامی ہوائی اڈے اور 10 شہروں میں میٹرو پر کام جاری ہے، جسے مقررہ وقت پر پورا کرلیا جائے گا۔
یوپی میں آج مثبت ماحول اور مجرموں میں خوف
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS