گئو کشی روک تھام ایکٹ کاغلط استعمال ہو رہا ہے

    0

    الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست میں گئوکشی روک تھام ایکٹ کے غلط استعمال اور آوارہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ریاست میں گئوکشی روک تھام ایکٹ کا استعمال بے قصور افراد کے خلاف ہو رہا ہے۔ گوشت برآمد ہونے پر اس کی فورنسک لیب میں جانچ کرائے بغیر اسے گائے کا گوشت کہہ دیا جاتا ہے اور بے قصور افراد کو اس الزام میں جیل بھیج دیا جاتا ہے جو شاید اس نے نہیں کیا ہے۔ عدالت نے آوارہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی صورت حال پر کہا کہ ریاست میں گئوکشی روک تھام ایکٹ کو صحیح جذبہ کے ساتھ نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
    جسٹس سدھارتھ نے گئوکشی روک تھام ایکٹ کے تحت جیل میں قید رامو عرف رحیم الدین کی درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد اپنے احکام میں مذکورہ خیالات ظاہر کئے۔ عدالت نے عرضی گزار کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے مقررہ پروسیس پورا کرکے رہا کرنے کا حکم دیا۔ رامو کی درخواست ضمانت میں کہا گیا تھا کہ رپورٹ میں اس کے خلاف کوئی خاص الزام نہیں ہے اور نہ ہی وہ موقع سے پکڑا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے برآمد گوشت کی حقیقت کو جاننے کی بھی کوئی کوشش نہیں کی کہ وہ گائے کا گوشت ہی ہے یا کسی دوسرے جانور کا ہے۔ عدالت نے کہا کہ بیشتر معاملوں میں جب گوشت پکڑا جاتا ہے تو اسے گائے کا گوشت بتا دیا جاتا ہے۔ اسے فورنسک لیب نہیں بھیجا جاتا اور ملزم کو اس جرم میں جیل جانا ہوتا ہے جس میں سات سال تک کی سزا ہے اور سماعت فرسٹ کٹیگری کے مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوتی ہے۔عدالت نے کہا کہ اسی طرح جب کوئی گائے کی نسل کا جانور برآمد کیا جاتا ہے تو کوئی ریکوری میمو تیار نہیں کیا جاتا ہے اور کسی کو نہیں پتہ ہوتا ہے کہ برآمدگی کے بعد اسے کہاں لے جایا  جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ گایوں کی حفاظت گھر اور گوشالہ انتظامیہ ضعیف اور دودھ نہ دینے والے مویشیوں کو نہیں لیتی ہے۔ ان کے مالک بھی انہیں کھلا پانے کے اہل نہیں ہیں۔ پولیس اور مقامی لوگوں کے ذریعہ پکڑے جانے کے خوف سے وہ ان مویشیوں کو کسی دوسری ریاست میں لے نہیں جاسکتے۔ ایسے میں دودھ نہ دینے والے مویشیوں کو گھومنے کے لئے آوارہ چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ایسے مویشی کسانوں کی فصل برباد کر رہے ہیں۔ یہی نہیں یہ آوارہ مویشی سڑک اور کھیت دونوں جگہ معاشرے کو شدید طور سے متاثر کر رہے ہیں۔ انہیں گایوں کی حفاظتی گھر یا اپنے مالکوں کے گھر رکھنے کے لئے کوئی راستہ نکالنے کی ضرورت ہے۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS