یوپی اسمبلی ضمنی انتخابات:7سیٹوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری

0

لکھنؤ: اترپردیش میں اسمبلی کی سات سیٹوں پر آنے والے 3نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے آج نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد نامزدگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
آج سے شروع ہونے والے پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 16اکتوبر ہوگی اور 17اکتوبر کو کاغذات کی جانچ ہوگی۔امیدوار 19اکتوبر تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ووٹنگ 3نومبر کو ہوگی جب کہ 10نومبر کو ووٹوں کی کاونٹنگ ہوگئی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائےگا۔
منی اسمبلی انتخابات اور 2022کے اسمبلی انتخابات سے پہلے سیمی فائنل سمجھے جانے والا اس ضمنی الیکشن میں چہار رخی  مقابلہ کے قوی امکانات ہیں۔تمام سیٹوں پر بی جے پی،سماج وادی پارٹی(ایس پی)،بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)اور کانگریس نے اپنے علیحدہ علیحدہ امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔
ریاست میں 8سیٹیں خالی ہوئی ہیں جن میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں لیکن الیکشن کمیشن رامپورکی سوارسیٹ پر ضمنی انتخاب کا علان نہیں کیا ہے ۔ کیونکہ اس ضمن میں ہائی کورٹ میں پٹیشن زیر سماعت ہے۔رامپور کی سوارسیٹ فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ کے معاملے میں عبد اللہ اعظم کے ناہلی کے بعد خالی ہوئی ہے۔
سات سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے 6سیٹیں بی جے پی کے قبضہ میں تھیں جب کہ ایک سیٹ پرسماج وادی امیدوار نے جیت درج کی تھی۔ اگرچہ ان سات سیٹوں کے نتائج اسمبلی میں اکثریت پر اثرانداز نہیں ہوں گے لیکن اسے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ایک  مشعل تصور کیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے پرچہ نامزدگی کے دوران صرف دو افراد موجود ہوں گے جن میں سے ایک امیدوار ہوگااور اس دوران صرف دوگاڑیوں کو لے جانے کی اجازت ہوگی۔امیدوار کو اپنا پرچہ نامزدگی اورسیکورٹی آن لائن جمع کرنی ہوگی اورصرف ان دونوں کی ہارڈ کاپی جمع کرنی ہوگی۔
یوپی حکومت نے پرامن انتخابات کے لئے سنٹرل فورسز کی 35کمپنیاں طلب کی ہیں۔الیکشن کمیشن نے 80سال سے زائد عمر والے رائے دہندگان کے لئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔تمام رائے دہندگان کو ای وی ایم کے بیٹن کو دبانے سے قبل سنیٹائز دستانے فراہم کئے جائیں گے۔
جن سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں سے ٹنڈلہ(فیروزآباد)،بنگارو مئو(اناؤ)،ملہنی(جونپور)،دیوریا صدر،بلندشہر،گھاٹم پور(کانپور)،نوگاواں سادات(امروہہ)اسمبلی حلقے شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS