جیلوں میں غیر فطری اموات میں پچھلے دو سال میں اضافہ درج

0

نئی دہلی: نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے ذریعہ حال ہی میں شائع کردہ اعدادوشمار کے مطابق ، ہندوستان میں جیلوں میں غیر فطری اموات کی تعداد گذشتہ دو سالوں سے بڑھ رہی ہے۔

این سی آر بی کے اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ 2018 کے اعداد و شمار کے مقابلے میں 2019 میں بھارت کی تمام جیلوں میں غیر فطری اموات میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر کی مختلف جیلوں سے خودکشیوں سمیت مجموعی طور پر 165 غیر فطری اموات کی اطلاع ملی ہے۔

جیل میں ان 165 غیر فطری اموات میں سے 116 قیدیوں نے جیل کے اندر خودکشی کی تھی ، جبکہ 20 قیدی حادثات میں ہلاک ہوگئے تھے اور 10 قیدیوں کو جیل کے اندر دیگر قیدیوں نے قتل کردیا تھا۔
جیلوں کے اندر غیر فطری اموات کی سب سے بڑی وجہ خودکشی رہی ہے اور این سی آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق ، ملک کی مختلف ریاستوں اور سینٹرل جیلوں میں 108 قیدیوں نے خود کو پھانسی لٹکا کر اپنی جانیں لے لیں۔ گجرات میں ایک قیدی نے زہر کھا کر خود کشی کی، جبکہ دہلی کی جیل میں ایک قیدی جیل کے اندر منشیات کے زیادہ مقدار کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا۔
اس رپورٹ کے مطابق ، پچھلے سال کے دوران پنجاب اور ہریانہ میں  دو دو قیدیوں کو دوسرے قیدیوں نے جیل کے اندر ہی قتل کیا تھا ، جبکہ دہلی ، جھارکھنڈ ، مہاراشٹر ، اڈیشہ اور راجستھان کی ہر ایک جیلوں میں ایک ایک قیدی کو قتل کیا گیا تھا۔ پنجاب میں ایک جیل کے اندر فائرنگ کے واقعے سے صرف ایک کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ دو قیدی ، ایک کرناٹک میں اور دوسرا ناگالینڈ میں ، جیل حکام کی طرف سے جیل کے اندر ہونے والی زیادتیوں کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

غیر فطری وجوہات کی بناء پر مرنے والے 15 دیگر قیدیوں کی موت کی وجوہ کی اطلاع خاص طور پر این سی آر بی کے اعداد و شمار میں نہیں ملی ہے اور اسے "دیگر وجوہات" کے تحت درج کیا گیا ہے۔

این سی آر بی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سنہ 2019 میں جیل ٹوٹنے کے 20 سے زیادہ واقعات ہو چکے ہیں ، جہاں قیدیوں نے کسی کو تکلیف پہنچانے یا زخمی کر کے جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ مغربی بنگال میں 2019 میں سب سے زیادہ جیل توڑنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جہاں کل 20 کوششوں میں سے 10 کوششیں صرف مغربی بنگال سے کی گئیں۔
سن 2019 میں کم از کم 139 قیدی پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے تھے ، جبکہ 329 قیدی عدالتی تحویل سے فرار ہوگئے تھے۔ گجرات میں سب سے زیادہ فرار ہونے کی اطلاع ملی ، جہاں پولیس اور عدالتی تحویل میں مل کر کل 172 قیدی فرار ہوگئے تھے۔ این سی آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق ، مختلف ریاستوں کی جیلوں کے اندر جھڑپوں کے 137 واقعات ہوئے ہیں۔ دہلی میں جیل کے اندر جھڑپوں کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔ 2019میں ، دہلی کی جیلوں میں جھڑپوں کے 57 واقعات رپورٹ ہوئے۔ دہلی میں جیلوں کے اندر ہونے والی ان جھڑپوں میں ، 92 افراد زخمی ہوئے۔
دہلی کے علاوہ مدھیہ پردیش اور پنجاب سے ہر ایک میں جھڑپوں کے 25 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان جھڑپوں کی اطلاع ان دونوں ریاستوں کی مختلف جیلوں سے ملی ہے جس میں مدھیہ پردیش میں قیدی اور جیل کے عملہ سمیت 27افراد اور پنجاب میں 61 افراد زخمی ہو گئے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS