یوپی کے سابق ایم ایل اے کی درخواست پر سی بی آئی سے جواب طلب
نئی دہلی (ایس این بی) : نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے اتر پردیش کے سابق ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ ان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس رجنیش بھٹناگر کی بنچ نے سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) سے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں متاثرہ فریق کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں پوچھا گیا ہے کہ کیوں سینگر کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس معاملے کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی۔ سینگر کو 2017 کے اناؤ عصمت دری معاملہ میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔سینگر نے ٹرائل کورٹ پر زور دیا ہے کہ وہ اسے مجرم قرار دے اور سزا کے خلاف ان کی زیر التوا اپیل کو نمٹانے تک انہیں ضمانت دی جائے۔ ٹرائل کورٹ نے سینگر کو 17 سالہ لڑکی کی عصمت دری کیے جانے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اس کے علاوہ ان پر 25 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
بنچ نے ایک درخواست پر نوٹس بھی جاری کیا ہے جس میں اس معاملے میں اضافی ثبوت طلب کیے گئے ہیں جو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ان کی اپیل پر کارروائی کے لیے ضروری ہے۔ سینگر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ متاثرہ کی عمر کا ثبوت مانگ رہے ہیں، جس یہ پتہ چلے گا کہ آیا وہ جرم کے وقت نابالغ تھی۔ دہلی کی ایک سیشن عدالت نے دسمبر 2019 میں سینگر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اس کے ساتھ جرمانے کے 25 لاکھ روپے میں سے 10 لاکھ روپے متاثرہ کو ادا کیے جانے تھے اور 15 لاکھ روپے فریق استغاثہ کے اخراجات کے لیے مقرر کیے جانے تھے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی تھی کہ سی بی آئی متاثرہ کے کنبہ کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
کلدیپ سنگھ سینگر نے ضمانت کی عرضی دائر کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS