شام میں نامعلوم طیارے کا حملہ،5 افراد کی موت

    0

    شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں نامعلوم طیاروں کے ذریعہ حملہ ہوا ہے۔ جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے یہ اطلاع دی ہے کہ عراق کی سرحد کے نزدیک واقع قصبے البوکمال کے نواح میں لڑاکا جیٹ نے ایرانی فورسز اور اس کی اتحادی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو بمباری میں نشانہ بنایا ہے۔
    رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ’’فضائی حملے میں پانچ غیرشامی جنگجو مارے گئے ہیں۔‘‘ لیکن انھوں نے ان مہلوکین کی شناخت اور قومیتیں نہیں بتائی۔ان کی رصدگاہ شام میں تشدد کے واقعات اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں کی خبروں کے لیے ملک میں موجود اپنے رضاکاروں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کرتی ہے۔
    انھوں نے کہا کہ دریائے فرات کے مغربی کنارے میں واقع اس علاقے میں شامی فوجی ، ایرانی فورسز اور ایران کے حمایت یافتہ جنگجو موجود ہیں۔ ان میں عراق سے تعلق رکھنے والے ایران نواز جنگجو بھی شامل ہیں۔رصدگاہ کے مطابق ستمبر میں اسی علاقے میں نامعلوم لڑاکا طیاروں کے فضائی حملے میں 10 عراقی جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔ستمبر کے اوائل میں فضائی حملوں میں ایران نواز 18 جنگجو مارے گئے تھے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS