سری نگر، (یو این آئی):نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ کشمیر میں غیر مقامی باشندوں کی ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور اہل کشمیر اس کی مذمت اور ملامت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہلاکتیں کشمیریوں کو بدنام کرنے کے لئے کی جا رہی ہے لیکن دشمن کبھی بھی اپنے ان مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔
ناصر اسلم وانی نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز نوائے صبح کمپلیکس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘کشمیری قوم ہرگز اس بات کی حامی نہیں کہ یہاں سے پنڈت برادری اور غیر مقامی باشندے نکل جائیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیریوں نے ہمیشہ اقلیتوں کو تحفظ دیا ہے اور ایسے ایام میں بھی بھائی چارے کی علم کو فیروزان رکھا ہے جب پورے میں بھی آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے اور قتل و غارت جاری تھی’۔
ناصر اسلم وانی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کے بھائی چارے کی ہمیشہ آبیاری کی ہے اور ہر کسی مذہب، طبقے اور خطے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھا ہے۔
انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ نئے لوگوں خصوصاً پڑھے لکھے نوجوانوں کے آنے سے جماعت کو ایک نئی جہت ملتی ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ سب نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہیں گے۔
نیشنل کانفرنس ترجمان کے مطابق اس تقریب کا انعقاد حلقہ انتخاب امیرا کدل کے درجنوں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے عہدیداران کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔
اس موقعے پر سینیئر لیڈران محمد سعید آخون، علی محمد ڈار، ڈاکٹر ثمیر کول، سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار، جگدیش سنگھ آزاد، صبیہ قادری ، احسان پردیسی، مدثر شاہ میری، عفرا جان اور غلام محی الدین بٹ کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ثمیر کول نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس ایک خاندان کی مانند ہے اور اس میں شامل ہونے کے لئے کسی کو لالچ نہیں دیا جاتا یہاں لوگ اپنی مرضی سے آتے ہیں کہ کیونکہ اس جماعت کو لوگوں کی بے انتہا محبت اور پیار حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا اور اس کے لئے بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں۔
پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں پی ڈی پی ضلع ویمنز ونگ سعیدہ گلشن، انسانی حقوق کارکن شاہ فرقان، سہرش، سمرن، انگھد، ابرار، زبیر، سمر، ابوزر اور داﺅد کے نام قابل ذکر ہیں۔
ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ کشمیریوں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش: نیشنل کانفرنس
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS