اقوام متحدہ کی طالبان سے حملہ بند کرنے کی اپیل

0

اقوام متحدہ:(یو این آئی) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر افغان حکومتی افواج کے خلاف حملے بند کریں اور افغانستان اور اس کے شہریوں کے مفادات کی خدمات کے اچھے ارادے کے ساتھ مذاکرات کی طرف لوٹیں۔مسٹر گوٹریس نے جمعہ کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں کو بتایا کہ افغانستان میں حالات تیزی سے قابو سے باہر ہو رہے ہیں اور انسانی ضروریات بڑھتی جارہی ہیں۔
افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے دوران طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ طالبان اب تک افغانستان کے 34 صوبائی دارالحکومتوں میں سے تقریبانصف اوراس جنوبی ایشیائی ملک کا تقریبا دو تہائی حصہ کنٹرول کر چکے ہیں۔ ہفتہ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل سے صرف 50 کلومیٹر دور طالبان کے پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ طالبان نے افغانستان کا دوسرا بڑا شہر قندھار اور تیسرا بڑا شہر ہرات پر قبضہ کر لیا ہے۔مسٹر گوٹیریس نے کہا ‘افغانستان جو طویل عرصے سے تنازعات کی زد میں ہے ، ایک بار پھر اس میں پھنس رہا ہے۔ یہ تنازع ایک طویل عرصے سے یہاں تشدد سے متاثرہ لوگوں کے لئے ایک خوفناک سانحہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ شہروں اور قصبوں کے کنٹرول کے لیے طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی بہت زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے اور شہری اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا “میں تمام فریقوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ تنازعات کے بڑے نقصان اور شہریوں پر اس کے اثرات پر توجہ دیں۔ ان سب کو شہریوں کی حفاظت کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ “مسٹر گوٹریس نے کہا کہ انہیں ان خبروں سے بہت دکھ ہوا ہے کہ طالبان اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہے ہیں ، خاص طور پر خواتین اور صحافیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوفناک اور دل دہلا دینے والی بات ہے کہ افغان لڑکیوں اور عورتوں نے جو حقوق حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے ،ان سے ان سے چھین لیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS