یوکرینی صدر نے ٹھکرا ئی کیف سے نکلنے میں امریکی مدد کی پیشکش

0
https://www.republicworld.com/

کیف(یواین آئی) : یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یوکرین سے انخلاء میں مدد کی امریکی پیشکش ٹھکرا دی ہے ۔اس بات کا دعویٰ امریکی میڈیا کی جانب سے کیا گیا ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس آفیسر نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت نے صدر زیلنسکی کو کیف سے نکلنے میں مدد کی پیشکش کی تھی۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اینٹی ٹینک ہتھیاروں کی ضرورت ہے ، کیف سے نکلنے کے لیے فلائٹ کی نہیں۔دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے یوکرین کے صدر کی کیف میں صدارتی دفتر کے سامنے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔اس سے قبل یوکرین کے صدر کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ روسی فوج آج رات کیف پر قبضے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کیف کو نہیں کھو سکتے ، آزادی کے لیے آخری وقت تک لڑیں گے ۔صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روسی افواج کی جانب سے آج رات دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کا خدشہ ہے ۔یوکرین کے صدرنے اس بیان میں اپنے شہریوں سے کیف کا دفاع کرنے کی اپیل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ روسی فوج صبح ہونے سے پہلے کیف کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرے گی، ہم دارالحکومت کیف کو کھونا نہیں چاہتے۔یوکرین کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزادی کے لیے آخری وقت تک لڑیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS