اننت ناگ تصادم میں دو جنگجو ہلاک، دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دو عام شہری زخمی

    0

    سری نگر: جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ کے سرہامہ علاقے میں جمعرات کی شام شروع ہونے والا مسلح تصادم لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔
    کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پرایک ٹویٹ میں کہا کہ سرہامہ انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
    مسلح تصادم ختم ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر پھٹنے سے رہ گئے دھماکہ خیز مواد کے اچانک پھٹنے سے دو عام شہری زخمی ہوگئے ہیں جنہیں علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
    قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 3 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے سرہامہ بجبہاڑہ کو جمعرات کی شام محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
    انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے مشتبہ مقام کو گھیرے میں لیا تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
    ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شب دیر گئے تاریکی کی وجہ سے آپریشن کو ملتوی کیا گیا تھا تاہم جمعے کی صبح پو پھوٹتے ہی اس کو دوبارہ شروع کیا گیا۔
    انہوں نے کہا کہ مسلح تصادم دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ تصادم کے دوران چند رہائشی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS