سرینگر تصادم میں حزب المجاہدین کے 2 جنگجو ہلاک، 2 سکیورٹی فورسز اہلکار زخمی

    0

    پائین شہر سری نگر کے کنہ مزار نواح کدل میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو شروع ہونے والے مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ 
    انتظامیہ نے بقول ان کے احتیاط کے طور پر سری نگر بھر میں موبائل فون و انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی موبائل فون اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
    جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر دو الگ الگ ٹوئٹس میں کہا گیا کہ نواح کدل تصادم کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے نواح کدل میں جنگجوئوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
    انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کا ایک ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
    پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ رات دیر گئے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ منٹوں تک جاری رہا۔ تاہم علاقے میں منگل کی صبح باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔
    ان کا کہنا تھا، 'کنہ مزار نواح کدال سری نگر میں جنگجوئوں کی موجودگی کے متعلق پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع ملی۔ رات کے وقت طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ اس میں ایس او جی پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ صبح کے وقت طرفین کے درمیان پھر سے گولہ باری شروع ہوئی۔ کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں دو جنگجو مارے گئے'۔
    دریں اثنا انتظامیہ نے پائین شہر میں جنگجوئوں کے حق میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS