تریپورہ کے وزیراعلی نے پنجابی-جاٹ طبقے پر تبصرے کے سلسلے میں معافی مانگی

0

تریپورہ کے وزیراعلی بپلاب کمار دیب نے منگل کو پنجابی اور جاٹ طبقے کے تئیں اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔
 دیب نے آج اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے کئی ٹویٹ کئے۔انہوں نے لکھا،’’اگرتلا پریس کلب میں منعقد ایک پروگرام میں میں نے اپنے پنجابی اور جاٹ بھائیوں کے بارے میں کچھ لوگوں کی سوچ کا ذکر کیا تھا۔میرا ارادہ کسی بھی سماج کو ٹھیس پہنچانے کا نہیں تھا۔مجھے پنجابی اور جاٹ دونوں ہی طبقوں پر فخر ہے۔میں خود بھی کافی وقت تک ان کے درمیان رہا ہوں۔میرے کئی جگری دوست اسی سماج سے آتے ہیں۔اگر میرے بیان سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو اس کےلئے میں انفرادی طورپر معافی کا طلب گار ہوں۔‘‘
وزیراعلی نے ایک دیگر ٹویٹ میں لکھا،’’ملک کی آزادی کی لڑائی میں پنجابی اور جاٹ طبقے کے تعاون کو میں ہمیشہ سلام کرتا ہوں اور ہندوستان کو آگے بڑھانے میں ان دونوں طبقوں نے جو کردار ادا کیا ہے،اس پر سوال کھڑا کرنے کی کبھی میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘‘
 دیب پیر کو اگرتلا پریس کلب میں منعقد پروگرام میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں ملک کے الگ الگ طبقوں اور ریاستوں کے لوگوں سے جڑی باتیں کررہے تھے۔پنجاب کے لوگوں کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا،’’لوگ انہیں پنجابی کہتے ہیں،ایک سردار ہیں ،سردار کسی سے نہیں ڈرتے۔وہ بہت طاقت ور ہوتے ہیں حالانکہ ان کا دماغ کم ہوتا ہے ۔کوئی بھی انہیں طاقت سے نہیں بلکہ پیار سے جیت سکتا ہے۔‘‘
ہریانہ کے جاٹوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا تھا لوگ جاٹوں کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں،’’لوگ کہتے ہیں جاٹ کم عقل ہوتے ہیں،لیکن جسمانی طورپر وہ صحت مند ہیں۔اگر آپ ایک جاٹ کو چیلنج دیتے ہیں تو وہ اپنی بندوق اپنے گھر سے باہر لے آئے گا۔‘‘
اس کے بعد انہوں نے بنگالی لوگوں کےلئے کہا کہ بنگالیوں کو بہت عقلمند مانا جاتا ہے اور یہ ہندوستان میں ان کی پہچان ہے،جیسے ہر طبقے کو ایک پختہ قسم اور کردار کے ساتھ جانا جاتا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS