ایوان بالا میں پارلیمنٹ ہاؤس حملہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت

0
telegraph India

نئی دہلی: (یو این آئی) ایوان بالا راجیہ سبھا نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے کی 20 ویں برسی کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اسی دن پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے میں دس افراد مارے گئے تھے جن میں ایک کیمرہ مین کے علاوہ دہلی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مرنے والوں میں ایک باغبان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس کے بعد اراکین نے خاموشی سے کھڑے ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ نائب صدر اور راجیہ سبھا کے اسپیکر وینکیا نائیڈو، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس پر دہشت گردانہ حملے کی 20 ویں برسی پر خراج عقیدت اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت کی۔ کئی ممبران پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے 2001 کے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر ہری ونش، کانگریس ایم پی راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی شامل تھے۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی لیڈروں نے پارلیمنٹ حملے میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS