صدر جمہوریہ کے قافلے سے ٹریفک جام ، خاتون کی موت

0
Image:RRS

کانپور ( ایجنسیاں) : اترپردیش کے سہ روزہ دورہ پر آئے صدرجمہوریہ رام ناتھ کوند کی سیکورٹی میں تعینات پولیس اہلکاروں کی لاپرواہی کی وجہ سے ایک خاتون اورتین سالہ معصوم کی موت ہوگئی ۔ خاتون انڈین انڈسٹریز کی کانپور چیپٹر کے خاتون ونگ کی صدر وندنا مشرا تھیں، جن کی جام میں پھنسنے سے موت ہوگئی۔ بتایا جاتاہے کہ جمعہ کو صدر جمہوریہ کے دورہ کو لے کر ٹریفک کو روکا گیا تھا۔ ریزینسی اسپتال جاتے وقت کافی طویل جام لگا تھا۔ وندنا مشرا کے شوہر پولیس کے سامنے روتے گڑگڑاتے رہے ، لیکن جام نہیں کھلا۔ مانا جارہا ہے کہ10 منٹ پہلے اگر وندنا کو اسپتال پہنچا دیا جاتا تو ان کی جان بچ سکتی تھی۔اس واقعہ پر صدرجمہوریہ نے افسوس کا اظہارکیا ہے ۔جبکہ پولیس کمشنر نے کبنہ سے معافی مانگی ہے۔ کانپور پولیس نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ صدر جمہوریہ ہند ، وندنا مشرا کی ناگہانی موت سے غمزدہ ہوئے۔ انہوں نے پولیس کمشنر اور ضلع افسر کو بلاکر جانکاری لی اور غمگین کنبہ تک ان کا پیغام پہنچانے کیلئے کہا۔ دونوں افسران نے آخری رسوم میں شامل ہوکر کنبہ تک صدر جمہوریہ کا پیغام پہنچایا۔ پولیس کمشنر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آئی آئی اے کی صدر وندنا مشرا کی موت کیلئے کانپور سٹی پولیس اور ذاتی طور پر میں معذرت خواہ ہوں ، مستقبل کیلئے یہ بڑا سبق ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہمارا روٹ بندوبست ایسا ہوگا کہ کم از کم وقت کیلئے شہریوں کو روکا جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ موت کے بعد پولیس نے بڑی کارروائی کی۔
اس معاملہ میں داروغہ سمیت تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔اس سے قبل جمعہ کی صبح ایک تیز رفتار سی آر پی ایف گاڑی صدر کے سیکیورٹی سسٹم میں جارہی تھی جس نے ایک تین سالہ معصوم کی جان لے لی۔ دراصل ، گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو زوردار ٹکر ماری۔ واقعے میں ، لڑکی موٹر سائیکل سے گر گئی اور وہ گاڑی کے پہیہ کے نیچے آگئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS