کووڈ19مینجمنٹ میں عدالتیں کس حد تک کر سکتی ہیں مداخلت؟

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : سپریم کورٹ نے بدھ کو کہا کہ وہ جائزہ لے گا کہ منتظمہ (ایگزیکٹو) کے دائرے میں آنے والے کووڈ19 مینجمنٹ سے منسلک معاملوں میں آئینی عدالتیں کس حد تک مداخلت کر سکتی ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ عدالتوں کو ہندوستان کے آئین میں کی گئی اختیارات کی تقسیم کا احترام کرنا ضروری ہے،خواہ اس کا مقصد سبھی کے لیے غیر جانبداری سے وابستہ ہی کیوں نہ ہو۔ عدالت نے کہا ک وہ اس پہلو پر بھی غور کرے گا کہ کیا الہ آباد ہائی کورٹ کو اس معاملے میں کودنے کی ضرورت تھی بھی یا نہیں اور اس کے’رام بھروسے‘والے تبصرے انصاف پر مبنی ہیں یا نہیں۔
جسٹس ونت سرن اور جسٹس دنیش ماہیشوری کی بنچ نے اترپردیش میں کووڈ19مینجمنٹ سے منسلک معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج دینے والی پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ اترپردیش کے چھوٹے شہروں/قصبوں اور گائوں میں پورا صحت خدمات نظام ’رام بھروسے‘ہے۔ بنچ نے کہا کہ’ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کوئی آئینی عدالت اس طرح کے معاملوں پر کس حد تک مداخلت کر سکتی ہے۔ کیا ہائی کورٹ کو اس معاملے کے بیچ میں کودنے کی ضرورت تھی بھی؟ سبھی کے لیے غیر جانبداری کا مقصد ہونے کے باوجود ہمیں اختیارات کی تقسیم کا احترام کرنا ہوگا۔ ’رام بھروسے‘والا تبصرہ کس حد تک انصاف پر مبنی ہے۔‘جسٹس سرن نے کہا کہ’ایسے سوال ہیں، جیسے کتنی ایمبولینس ہیں، کتنے آکسیجن سے لیس بستر ہیں۔ ہم ان سوالوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ صلاح نہیں دے سکتے لیکن آپ مقامی کمپنیوں کے ٹیکے کا فارمولہ لے کر اس کی پروڈکشن کو کیسے کہہ سکتے ہیں؟ ایسی ہدایات کیسے دی جا سکتی ہیں؟‘
جسٹس ماہیشوری نے بھی کہا کہ کچھ معاملے منتظمہ کے دائرے میں آتے ہیں اور ایسے بحران کے وقت میں سبھی کو تحمل برتنا ہوگا اور یہ دھیان رکھنا ہوگا کہ کسے کیا کام کرنا ہے۔ جسٹس ماہیشوری نے کہا کہ ’ہمارے پاس دینے کے لیے 110 صلاح ہو سکتی ہیں لیکن کیا ہم انہیں اپنے حکم کا حصہ بنا سکتے ہیں؟ ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ ہم آئینی عدالتیں ہیں۔‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحران کے وقت سب کی متحدہ کوشش کی ضرورت ہے لیکن صرف منشا اچھی ہونے سے کسی کو بھی دوسرے کے دائرہ اختیار میں کودنے کا حق نہیں مل جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS