پاکستان کی جیت کا جشن منانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: بی جے پی

0

میڈیکل طلبا کے خلاف مقدمے درج، سات گرفتار،تفتیشی کارروائیاں جاری

جموں،(یو این آئی):بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ پاکستان کی جیت کا جشن منانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے لوگوں کے خلاف جموں و کشمیر پولیس، اس کی تحقیقاتی ونگ سی آئی ڈی اور قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے کارروائی شروع کی ہے۔
رویندر رینہ نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا: پچھلے دنوں کرکٹ میچ کے بعد یہاں ایک سازش کے تحت ہڑدنگ مچائی گئی۔ اس میں ملوث لوگوں کی شناخت کی گئی ہے۔ مقدمے بھی درج کئے گئے ہیں۔ پولیس، سی آئی ڈی اور این آئی اے کارروائی کر رہی ہے۔ کوئی نہیں بچے گا۔ سب کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا: جن لوگوں نے بھی ملک کے خلاف سازش کرنے کی کوشش کی ہے انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ ہمارا دیش ہماری ماتا ہے۔ جو بھی اس دیش کے خلاف کوئی ناپاک حرکت کرے گا اس کو کریش کیا جائے گا۔
دوسری طرف جموں وکشمیر پولیس نے ٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا جشن منانے کے پاداش میں دو میڈیکل کالجوں کے طلبا کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں۔یہ مقدمے غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق سخت قانون’یو اے پی اے‘کی مختلف دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے ہوسٹل اور گورنمنٹ میڈیکل کالج کرن نگر میں پیش آنے والے واقعات کا نوٹس لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن صورہ اور پولیس اسٹیشن کرن نگر میں مقدمے درج کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملوث طلبا کی شناخت کی جا رہی ہے۔
بتا دیں کہ سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں مذکورہ جگہوں پر ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی بھارت پر جیت حاصل کرنے کے بعد طلبا کو پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس ضمن میں صورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر میں کہا گیا کہ24 اور25 اکتوبر کی درمیانی رات پاکستان کی کرکٹ میچ میں بھارت پر جیت حاصل کرنے کے بعد شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے ہوسٹل میں رہائش پذیر ایم بی ابی ایس اور دوسری ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا نے نعرہ بازی کی اور پٹاخے پھوڑے۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اس ضمن میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
پولیس اسٹیشن کرن نگر میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ہوسٹل میں قیام پذیر طلبا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جو ٹی ٹونٹی عالمی کپ میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کے بعد چلا رہے تھے ناچ رہے تھے۔پاکستان کی جیت پر جموں و کشمیر پولیس نے ضلع سانبہ میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے کے الزام میں کم سے کم سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی بھارت کے خلاف میچ میں جیت کا جشن منانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع سانبہ میں کم سے کم سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS