ٹیکہ کاری کا تیسرا مرحلہ :یکم مارچ سےسرکاری اسپتالوں میں کورونا ویکسین مفت، پرائیویٹ میں لگے گا پیسہ

0
Image:Human Rights Watch

نئی دہلی : کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک میں تیسرے مرحلے کی ٹیکہ کاری یکم مارچ سے شروع ہوگی، جس میں 60سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں اور 45سے زیادہ عمر کے دیگر امراض سے متاثر لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ کووڈ 19-وبا کے خلاف تیسرے مرحلے کی ٹیکہ کاری یکم مارچ سے شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں 60سال سے زیادہ قریب ایک کروڑ لوگوں اور 45 سال سے زیادہ کے ایسے لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا، جن کو ذیابیطس ،ہائی بلڈ پریشر سمیت کوئی نہ کوئی دیگر امراض ہیں۔مسٹر جاؤڈیکر نے کہا کہ تقریباً 10 ہزار سرکاری مراکز اور قریب 20ہزار نجی مراکز پر ٹیکہ کی جائے گی۔ سرکاری مراکز پر مفت اور نجی مراکز پر ٹیکہ کاری کیلئے قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ نجی مراکز پر لگنے والے ٹیکے کی قیمت کے سلسلے میں مرکزی صحت اور کنبے کے فلاح و بہبود کی وزارت ٹیکے کے پروڈکشن اور نجی اسپتالوں کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے۔ اس بارے میں حکومت کی جانب سے دو تین دنوں میں معلومات دی جائے گی۔طبی اہلکاروں اور دیگر فرنٹ لائن ورکرس کیلئے کووڈ ٹیکہ مہم 16 جنوری کو شروع کی گئی تھی۔ ملک بھر میں اب تک 1.14 کروڑ لوگوں کو کووڈ کا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ ہندوستان کے ڈرگ کنٹرولر نے گزشتہ 3 جنوری کو پنے میں واقع سیرم انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ تیارکردہ آکسفورڈ کووڈ19- ویکسین کووی شیلڈ اور ہندوستان بایوٹیک کے دیسی ورژن کے طورپر تیاری کوویکسین کو ہنگامی استعمال کیلئے منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کے کئی ممالک خاص کر چین نے گزشتہ سال جون میں اور روس نے اگست میں ویکسی نیشن شروع کردیاتھا۔ وہیں امریکہ، برطانیہ سمیت زیادہ تر ممالک نے دسمبر میں ویکسین لگنی شروع ہوئی۔ ہندوستان میں 16جنوری کو ویکسی نیشن شروع ہوا۔ اس کے بعد اس کام میں تیزی آئی ہے۔ 22 فروری تک دنیا بھر میں 21 کروڑ لوگوں کو ویکسی نیٹ کیا جاچکا ہے۔ سب سے زیادہ امریکہ میں 6.41کروڑ لوگوں کو ویکسین لگی ہے۔ اس کے بعد چین میں 4.05کروڑ، یوروپی یونین میں 2.7 کروڑ، یوکے میں 1.8کروڑ اور ہندوستان میں 1.19کروڑ لوگوںکو ویکسین لگ چکی ہے۔
غورطلب ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے 104مریض ہلاک ہوئے ، ان میں سے بیشتر اموات مہاراشٹر، کیرالہ اور پنجاب میں ہوئی ہیں،جہاں مہاراشٹر میں اس جان لیواوبا سے 51افراد ہلاک ہوئے، وہیں کیرالہ میں 14اور پنجاب میں 10افراد کی موت ہوئی ہے۔ باقی14 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر29 اموات ہوئیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS