وہ شمشان بناتے ہیں اور ہم اسپتال :کجریوال

0

سنت کبیر نگر،(یو این آئی) : دہلی کے وزیر اعلیٰ و عام آدمی پارٹی(آپ) کے کنوینر اروند کجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں حکمراں جماعت شمشان بنانے کی بات کرتی ہے جبکہ ان کی پارٹی اسپتال بنانے کی وکالت کرتی ہے اور ہم نے یہ دہلی میں کر کے دکھایا ہے ۔خلیل آباد اسمبلی حلقے میں واقع انڈسٹریل ایریا میدان میں منگل کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے دہلی میں بڑے بڑے کام کئے ہیں۔ دہلی میں شاندار سرکاری اسکول ان کی حکومت نے تعمیر کرائے ہیں، جس میں جج اور افسران اور غریب رکشے والے کا بچہ بھی پڑھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا خواب تھا کہ امیروں اور غریبوں سبھی کو مساوی تعلیم ملے، لیکن 70سالوں میں بابا صاحب کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ ہم نے عزم کیا ہے کہ بابا صاحب کا خواب کجریوال پورا کرکے دکھائے گا۔دہلی میں ہم نے اسپتال بنوائے ، محلہ کلینک بنوائے اور چھوٹی۔ بڑی بیماریوں کا علاج اور ایسا علاج بھی جس میں 70سے80لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں مفت میں کررہے ہیں۔ علاج کا سارا خرچ دہلی حکومت اٹھاتی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے کوئی اسکول بنایا ہے ۔ مفت علاج کا کوئی انتظام ہے ۔کجروال نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ بی جے پی والے کہتے تھے کہ قبرستان بنوا رہے ہو تو شمشان بھی بننے چاہئے ۔ یوگی حکومت نے کورونا بحران میں اترپردیش کو شمشان میں بدل دیا اور ندیوں میں لاشیں تیرتی نظر آئیں۔اتنی بدانتظامی تھی کہ دنیا کے سامنے ہندوستان کا سر نیچا ہوا۔وہیں ہم نے اسپتال بنوائے جہاں بیماریوں کا علاج کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ‘ دہلی میں مفت بجلی اور 24گھنٹے بجلی دے رہے ہیں۔ یوپی میں ہماری حکومت بنی تو یہاں بھی یہ نظام نافذ کریں گے۔ گزشتہ تین چار سال میں ہماری حکومت نے دہلی میں نوکریاں دی ہیں۔ اترپردیش میں ہماری حکومت بننے پر ہر خاتون کو ایک ہزار روپے پنشن دیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور جب تک روزگار نہیں دے پائیں گے،تب تک بے روزگاری بھتہ دیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS