غیرمسلم بھی ہوتے رہے ہیں مدرسوں سے مستفیض

0

مدرسوں سے مستفیض غیر مسلم بھی ہوتے رہے ہیں۔ زندہ عورت کے شوہر کی چتا کے ساتھ جلائے جانے کی پرتھا ’ستی پرتھا‘ ختم کرانے میں اہم رول راجہ رام موہن رائے نے ادا کیا تھا جنہوں نے پہلے مغربی بنگال کے مدرسہ عالیہ اور پھر موجودہ بہار کے پھلواری شریف کے مدرسے میں تعلیم حاصل کی تھی۔ایک رپورٹ کے مطابق، 2020میں مغربی بنگال مدرسہ بورڈ کے 10ویں کے امتحان میں جن طلبا نے رجسٹریشن کرایا تھا، ان میں 18 فیصد یعنی 70,000 طلبا ہندو تھے۔ اس سے پہلے 2019 میں اس امتحان میں غیر مسلم طلبا کی تعداد 12.77 فیصد تھی۔ 20 مئی، 2017کو ’دی ہندو‘کے لیے شو سہائے سنگھ کی رپورٹ کے مطابق، مغربی بنگال مدرسہ بورڈ کے 12 ویں کے امتحان میں 2017 میں 52,115 طلبا بیٹھے تھے۔ ان میں 2,287 یعنی تقریباً 4.38 فیصد طلبا ہندو تھے۔ 2013سے 2017کے درمیان اوسطاً 4.8 فیصد ہندو طلبا اس امتحان میں بیٹھتے رہے۔ 27 نومبر، 2017 کو ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے لیے ہیمنت اپادھیائے اور رجت رائے نے رپورٹ دی تھی کہ اترپردیش کے شہر آگرہ میں معین الاسلام مدرسہ دروتھا میں ہندو طلبا بھی پڑھتے ہیں۔ اس وقت مدرسے میں 248 مسلم تو 202 ہندو طلبا تھے۔ 2دسمبر، 2013کو ’الجزیرہ‘ کے لیے شیخ عزیزالرحمن نے رپورٹ دی تھی کہ بردھمان صدرنارتھ سب ڈیویژن کے گاؤں اورگرام کے اورگرام چھتوس پلی ہائی مدرسہ میں 1,400 طلبا میں سے 60 فیصد طلبا غیر مسلم ہیں۔ اسی طرح اس مدرسے سے وابستہ 32 میں سے 11ٹیچرس ہندو ہیں۔ ایسا ہی کچھ اور مدرسوں میں بھی ہے۔ 19 جنوری، 2009 کو ’انڈین ایکسپریس‘کے لیے شو سہائے سنگھ کی رپورٹ کے مطابق، شمالی دیناج پور کے قصبہ ایم ایم ہائی مدرسہ میں 1,069 میں سے 647 طلبا ہندو تھے۔ اسی رپورٹ نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ مغربی بنگال کے مدرسوں میں 15فیصد طلبا اور 12فیصد ٹیچرس ہندو ہیں۔ مدرسوں میں پڑھنے والے ہندو طلبا و طالبات نے اپنی کارکردگی سے یہ بتایا ہے کہ وہ کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں 21 مئی، 2019کو ’دی ٹیلی گراف آن لائن‘ کے لیے ابھیجیت چٹرجی کی رپوٹ کے مطابق، 3 ہندو طالبات نے ویسٹ بنگال ہائی مدرسہ سیکنڈری ایگزام میں 90 فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کیے۔ یہ ہندو طالبات تھیں پیوپیا ساہا، ساتھی موڈاک، ارپتا ساہا۔پیوپیا ساہا نے 91.25 فیصد جبکہ ساتھی موڈاک اور ارپتا ساہا نے 92.38 فیصد مارکس حاصل کیے تھے۔ یہ رپورٹیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وطن عزیز ہندوستان میں تعلیم کی ترسیل میں مدرسے بے حد اہم رول ادا کر رہے ہیں اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ بلا تفریق مذہ ب و ملت علم کی ترسیل کررہے ہیں یا ترسیل علم کا موقع دے رہے ہیں۔ n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS