فٹ بال کے بادشاہ کی موت پر دنیا سوگوار

برازیل کے صدر نے پیلے کے اعزاز میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا،ہندوستانی فٹبال میں بھی سوگ، کھلاڑیوں کا خراج عقیدت

0

بیونس آئرس
(ایجنسیاں/یواین آئی)
دنیائے فٹ بال کے بادشاہ پیلے کی موت سے پوری دنیا سوگوار ہوگئی ہے۔ فٹ بال کو تاریخی بلندی پر لے جانے والے لیجنڈ فٹ بالر کی یاد میں مختلف ممالک میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں دنیا کے عظیم کھلاڑیوں نے بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے تین بار کے عالمی فٹ بال چمپئن پیلے کے اعزاز میں تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اطلاع سی این این برازیل کی رپورٹ میں دی گئی ہے ۔
لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے جمعرات کو دیر گئے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ ان کی بیٹی کیلی ناسیمینٹو نے سوشل میڈیا پر ان کی موت کی اطلاع دی۔ پیلے کینسر سے لڑ رہے تھے ۔ انہیں 29 نومبر کو ساؤ پالو کے البرٹ آئن اسٹائن ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
دنیا میں فٹ بال کا بے تاج بادشاہ یا فٹ بال کا جادوگر بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھا اور ان کے جسم کے بیشتر حصوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
اس سے پہلے دن میں مسٹر بولسنارو نے پیلے کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے ٹویٹ کیا کہ فٹ بال کے اس عظیم کھلاڑی نے برازیل کو نئی بلندیوں پر لے جاکر دنیا کا نام روشن کیا ہے ۔بولسنارو نے ٹویٹ کیاکہ “پیلے نے ہمیشہ فٹ بال کو ایک فن اور اپنی خوشی کے طور پر دیکھا ہے ۔”
واضح رہے کہ ستمبر 2021 میں پیلے کو بڑی آنت کے ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سال میں وہ تین ٹیومر اور مثانے کے انفیکشن کے علاج کے لیے دو بار اسپتال میں داخل ہوئے ۔ پیلے کو 30 نومبر کو دل کے مسائل سمیت جسم میں سوجن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں بتایا گیا کہ پیلے کو کیموتھراپی دی گئی جس کے کوئی تسلی بخش نتائج نہیں ملے ۔
پیلے کو پہلے بھی کئی بار چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ حال ہی میں قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے آغاز پر پیلے نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔ انہوں نے حمایت کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
دوسری طرف موجود فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں نے بھی فٹ بال کے بادشاہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پیلے نے فٹ بال کو ایک آرٹ کا درجہ دیا اور 10 نمبر شرٹ کو آئیکون بنادیا، برازیلین اسٹار کھلاڑی نیمار جونیئر نے پیلے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
لیجنڈری پلیئر لیونل میسی نے پیلے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ریسٹ ان پیس پیلے۔فرانس کے نوجوان اسٹار پلیئر امباپے سمیت دیگر معروف فٹ بالر بھی پیلے کی موت پر افسردہ ہیں۔پولش اسٹارفٹبالر رابرٹ لیوانا ڈوسکی نے کہا کہ فٹ بال کی دنیا ہیرو سے محروم ہوگئی۔کرسٹیانو رونالڈو بولے کہ پیلے ماضی، حال، مستقبل اور ہمیشہ اس کھیل کا حوالہ رہیں گے۔
آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے جمعہ کو برازیل کے فٹ بالر اور تین بار کے عالمی چیمپئن پیلے کی زندگی اور کامیابیوں کو یاد کرنے کے لئے سات دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔
اے آئی ایف ایف کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر شاجی پربھاکرن نے کہاکہ’’ ہم فٹ بال کے لیجنڈ پیلے کے انتقال سے بہت غمزدہ ہیں۔ ہم ان کی کامیابیوں کو یاد کرنے کے لیے سات روزہ سوگ منائیں گے ۔ اس دوران اے آئی ایف ایف کا جھنڈا آدھا جھکارہے گا۔‘‘
فٹ بال کے بے تاج بادشاہ پیلے کی ہندوستان کے ساتھ طویل رفاقت ہے ۔ وہ پہلی بار 1977 میں ہندوستان آئے جب ان کے کلب کاسموس نے کولکتہ میں موہن باغان ایف سی کے ساتھ 2-2 سے ڈرا کھیلا۔ انہوں نے آخری بار 2018 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔
ڈاکٹر پربھاکرن نے کہاکہ ’’یہ ہندوستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پیلے یہاں کئی بار آئے ہیں۔ ہم ان دوروں کے لیے ان کے مشکور ہیں۔ وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ ہندوستانی فٹ بال ترقی کرے اور اس کا مستقبل روشن ہو۔ کوئی بھی اس کھیل میں ان جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکا‘‘۔
واضح رہے کہ پیلے جمعرات کو برازیل کے شہر ساؤ پالو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 82 سال تھی اور وہ بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے ۔
برازیل کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے پیلے نے 92 میچوں میں 77 بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ 17 سالہ پیلے کے 1958 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان سویڈن کے خلاف دو گول نے انہیں ہردلعزیزبنادیا تھا۔انہیں 1999 میں عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا، پیلے دنیا کی تاریخ کے واحد فٹبالر ہیں جنہوں نے 1958، 1962 اور 1970 کے 3 ورلڈ کپ جیتے ۔او ری (دی کنگ) کے نام سے مشہور کھلاڑی نے 1977 میں ریٹائر ہونے سے قبل اپنے شاندار افسانوی کیریئر میں ایک ہزار سے زیادہ گول کیے ۔ان کی صحت تیزی سے گر رہی تھی، وہ گردے کے مسائل اور بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے ، کیموتھراپی کے بعد ستمبر 2021 میں ان کی آنت کی سرجری ہوئی۔
23 اکتوبر 1940 برازیل کے جنوب مشرقی شہر تریس کاراکوس میں پیدا ہونے والے پیلے کا اصل نام ایڈسن ارانتیس ڈو نیسکیمینٹو تھا پیلے اپنے غریب خاندان کی کفالت کے لیے سڑکوں پر مونگ پھلی بیچتے ہوئے بڑے ہوئے ۔ان کے والدین نے ان کا نام مشہور امریکی موجد تھامس ایڈیسن کے نام پر رکھا۔تاہم جلد ہی ان کا نام پیلے پڑ گیا، ان کا یہ نام پڑنے کی وجہ واسکو ڈی ساؤ لورینکو جہاں ان کے والد فٹ بال کھیلا کرتے تھے اس کے ایک گول کیپر بائل کا نام غلط لینے کی وجہ سے پڑا۔
پیلے نے اپنے کھیل کے ذریعے 15 سال کی عمر میں دنیا کو حیران کردیا جب انہوں نے سینٹوس کے ساتھ بطور پیشہ ور فٹ بال کھیلنا شروع کیا، انہوں نے کلب کو کئی ٹائٹل جتوائے جن میں 1962 میں بینفیکا اور 1963 میں اے سی میلان کے خلاف بیک ٹو بیک انٹرکانٹینینٹل کپ بھی شامل تھے ۔وہ کھیل کے دوران اپنی ذہانت کی وجہ سے مشہور تھے ، انہیں برازیل میں مشہور ‘سامبا فٹ بال’ کھیل میں اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر ‘قومی خزانہ’ قرار دیا گیا، انہوں نے سینٹوس (74-1956)، برازیل کی قومی ٹیم اور نیویارک کاسموس (77-1975) کے لیے ایک ہزار 363 میچوں میں ایک ہزار 281 گول اسکور کیے ۔وہ پہلے عالمی فٹ بال اسٹار تھے جنہوں نے اس کھیل کو بڑے تجارتی پاور ہاؤس میں تبدیل کرنے میں اہم اور نمایاں کردار ادا کیا۔
پیلے ، میکسیکو میں ہونے والے 1970 کے ورلڈ کپ میں شہرت اور عظمت کی بلندی پر پہنچے جہاں انہوں نے اس ٹیم میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جسے اب تک تاریخ کی سب سے بہترین ٹیم سمجھا جاتا ہے ۔اپنی بیماری کے باعث پیلے پبلک مقامات پر بہت کم نظر آتے تھے ، وہ اکثر واکر یا وہیل چیئر استعمال کرتے تھے ۔پیشاب کے انفیکشن کی وجہ سے انہیں کئی بار ہسپتال میں داخل کرایا گیا، 2021 اور 2022 میں بڑی آنت کے کینسر کی وجہ سے زیر علاج رہے لیکن انہوں نے اپنی صحت کے مسائل کو اپنی بہترین حس مزاح پر غالب نہیں آنے دیا۔انہوں نے ستمبر 2021 میں بڑی آنت کے کینسر کی سرجری کے بعد انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ میں اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ اس میچ کو کھیلوں گا۔وہ 2020 میں دل کا دورہ پڑنے سے اپنے دیرینہ دوست اور حریف میراڈونا کی 60 سال کی عمر میں موت سے سخت مایوس اور متاثرہ ہوئے ۔
ان کے انتقال پر انہوں نے لکھا دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا، مجھے امید ہے ایک دن ہم آسمان پر ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے ۔

مودی نے پیلے کی موت پر دکھ کا اظہار کیا

نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے برازیل کے لیجنڈری فٹ بال کھلاڑی پیلے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھیل کی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔مسٹر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، پیلے کی موت سے کھیلوں کی دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ۔ پیلے ایک سپر اسٹار فٹ بال کھلاڑی تھے ۔ ان کی مقبولیت ملک کی سرحدوں سے اوپر تھی۔ ان کا بہترین کھیل اور کامیابیاں آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔ ان کے کنبہ اور مداحوں سے میری تعزیت اور ان کی روح کو سکون کے لیے پرارتھنا۔ برازیل کے سابق فٹ بال اسٹار اور تین بار کے ورلڈ کپ چیمپئن پیلے جمعرات کو ساؤ پالو کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے ۔ فٹ بال کے بے تاج بادشاہ پیلے 82 برس کے تھے اور کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS